چھاپہ مارنے گئی پولس کے خوف سے لڑکیوں نے چھت سے چھلانگ لگادی‘ایک لڑکی کی موت
وارانسی :اترپردیش کے وارانسی کے کینٹ تھانہ میں پہڑیا کی سنجے نگر کالونی میں اتوار دیر شام سیکس ریکٹ کی اطلاع ملنے پر پولیس کے چھاپے کے دوران تین لڑکیاں چھت سے کود گئیں ۔ تین منزلہ مکان کی چھت سے کودنے کی وجہ سے ایک لڑکی کی موت ہوگئی جبکہ دو دیگر لڑکیوں کو سنگین حالت میں اسپتال میں بھرتی کرایا گیا ہے ۔
جائے واقعہ سے پولیس نے وارانسی کی رہنے والی تین لڑکیوں کو بھی حراست میں لیا ہے ۔ ساتھ ہی تین بائیک ، کار اور ٹیمپو بھی برآمد کی گئی ہے ۔ جس مکان میں سیکس ریکیٹ چلنے کی اطلاع ملی تھی ، وہ مکان پپو سنگھ کا ہے ، جس کو کچھ دنوں پہلے تین لڑکے اور دو لڑکیوں نے کرایہ پر لیا تھا ۔
مکان میں تقریبا ایک درجن سے زیادہ کمرے ہیں ۔ تلاشی کے دوران پولیس کو غیر ملکی پاسپورٹ بھی ملے ہیں ، جس سے پتہ چلتا ہے کہ یہاں غیر ملکی لڑکیوں کا بھی آنا جانا تھا ۔ پولیس کو اس کی خبر اس وقت ہوئی ، جب گھر کے باہر ایک کار کھڑی تھی اور علاقہ کے دوسرے لوگوں کو گاڑی نکالنے میں پریشانی ہورہی تھی ۔ کار ہٹانے کو لے کر تنازع ہوگیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس کے بعد علاقے کے کچھ لوگ گھر میں داخل ہوئے اور بعد میں باہر نکل کر مکان میں تالا ڈالتے ہوئے پولیس کو اس کی اطلاع دیدی ۔اس درمیان گھبراہٹ میں لڑکیاں چھت سے کود گئیں ۔ مرنے والی لڑکی ممبئی کی بتائی جارہی ہے ۔ اتنی بڑی سطح پر سیکس ریکیٹ چلنے اور غیر ملکیوں کے پاسپورٹ برآمد ہونے کو ایس ایس پی نے سنجیدگی سے لیتے ہوئے اس کو مقامی تھانہ پولیس کی بڑی لاپروائی قرار دیتے ہوئے چوکی انچارج اور بیٹ کانسٹیبل کو سسپینڈ کردیا ہے ۔ ساتھ ہی ایس او کینٹ اور دیگر افسران کے رول کو بھی مشتبہ مانتے ہوئے اس کی جانچ کی جارہی ہے ۔ معطل چوکی انچارج اور بیٹ کانسٹیبل کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کا بھی حکم دیا گیا ہے ۔