چنئی ، 05 فروری (یواین آئی) انگلینڈ کے کپتان جوروٹ نے اپنے 100 ویں ٹسٹ میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کرلیا ہے روٹ نے یہ کارنامہ ہندوستان کے خلاف چنئی کے ایم چدمبرم اسٹیڈیم میں پہلے ٹسٹ کے پہلے دن جمعہ کے روز انجام دیا 30 سالہ روٹ تاریخ میں اپنے 100 ویں ٹسٹ میں سنچری بنانے والے منتخب کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔

وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے ٹسٹ تاریخ کے نویں بلے باز ہیں۔ روٹ کے کیریر کی یہ 20 ویں اور مسلسل تیسری سنچری ہے۔ روٹ دنیا کے واحد ایسے کھلاڑی بن گئے ہیں جنہوں نے اپنی 98 ویں ، 99 ویں اور 100 ویں ٹسٹ میں سنچری بنائی ہے۔

روٹ نے ہندوستان میں آنے سے پہلے سری لنکا کے خلاف دو ٹسٹ میچوں کی سیریز میں 228 اور 186 رن بنائے تھے۔ اس میں اب انہوں نے ایک اور سنچری جوڑ لی ہے۔ روٹ نے اپنے ٹسٹ کیریز کا آغاز ہندوستان کی سرزمین سے کیا تھا۔ انہوں نے اپنا 50 واں ٹسٹ اور 100 ٹسٹ بھی ہندوستان میں کھیلا۔ ہندوستان کے خلاف ان کی یہ پانچویں سنچری ہے۔