Waraqu E Taza Online
Nanded Urdu News Portal - ناندیڑ اردو نیوز پورٹل

پیدائش کے 30 گھنٹے بعد نومولود بچے میں کورونا وائرس کی تصدیق

بیجنگ،5فروری(یویان آئی)چین کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ کورونا وائرس متاثرہ حاملہ خاتون سے بچے کو پیدائش سے قبل بھی منتقل ہوسکتا ہے اور 2 فروری کو پیدا ہونے والے بچے میں 30 گھنٹے بعد وائرس مثبت آیا۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی رائٹر کے مطابق چین کے سرکاری نشریاتی ادارے (سی سی ٹی وی) کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ووہان چلڈرن اسپتال کے ڈاکٹروں نے کہا کہ متاثرہ ماں سے یہ وائرس بچے کو پیدائش سے قبل منتقل ہو سکتا ہے۔


ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ متاثرہ خاتون کے ہاں 2 فروری کو بچے کی پیدائش ہوئی اور نومولود کا 30 گھنٹے بعد ہی کورونا وائرس کا ٹسٹ کیا گیا تھا جو مثبت آیا۔


خیال رہے کورونا وائرس سے ووہان سب سے زیادہ متاثر ہوا تھا اور اس کو مرکز بھی قرار دیا گیا تھا لیکن کورونا وائرس بعد ازاں چین سے باہر بھی پھیل گیا اور اب تک ہلاکتوں کی تعداد 563 ہوگئی ہے۔