پولیس سٹیشن میں 50 سالہ بوائے فرینڈ کے ہاتھوں 17 سالہ لڑکی کا قتل
کیوبا میں ایک 17 سالہ لڑکی کے قتل کی واردات نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ یہ واقعہ ایک پولیس تھانے میں ہوا۔یہ واقعہ کیوبا کے وسطی صوبے کاماگوئے کے شہر نویویتاس میں اتوار کو پیش آیا جو دارالحکومت ہوانا سے تقریباً پانچ سو کلومیٹر دور مشرق میں واقع ہے۔
کیوبا کی وزارت داخلہ کی جانب سے اس واقعے کے بعد صرف اتنا بتایا گیا کہ مجرمانہ ریکارڈ کے حامل ایک 50 سالہ شخص نے تیز دھار آلے سے اپنی 17 سالہ پارٹنر کو قتل کر دیا جو کمیونٹی نیشنل ریوولوشنری پولیس کے سب سٹیشن میں پناہ لیے ہوئے تھی۔
بی بی سی منڈو نے مقامی صحافی ہوزے لوئی سے اس واقعے کی مذید تفصیلات حاصل کی ہیں۔ان کے مطابق خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم الیسوان ہڈالگو کا مقتولہ کے ساتھ قریبی تعلق تھا تاہم مقتولہ لیڈے ہفتے کی رات ایک پارٹی میں موجود تھی جب ہڈالگو نے اسے ہراساں کیا اور دھمکیاں دیں جس پر لیڈے مدد کے لیے ایک قریبی پولیس سٹیشن کی جانب دوڑی جبکہ ہڈالگو نے ایک تیز دھار آلے کے ہمراہ اس کا پیچھا کیا۔
صحافی ہوزے لوئی کا کہنا ہے کہ ’اس واقعے کی مکمل تفصیلات کا علم نہیں ہو سکا لیکن ہم یہ جانتے ہیں کہ وہ شخص پولیس سٹیشن میں داخل ہوا اور اس نے لڑکی کو قتل کر دیا۔‘کیوبا کی ایک غیر سرکاری تنظیم کی ترجمان نے بی بی سی منڈو سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایک پولیس سٹیشن میں ایسا واقعہ ہونا بہت سے سوالات اٹھاتا ہے۔
انسانی حقوق کے کارکنوں اور سوشل میڈیا صارفین نے ایک کم عمر لڑکی کی حفاظت میں ناکامی پر پولیس کی مبینہ نااہلی پر تنقید کرتے ہوئے ایسے کیسز میں قوائد و ضوابط کی کمی کی نشاندہی کی ہے۔دوسری جانب اس واقعے نے کیوبیا میں خواتین کے ساتھ جنسی تشدد اور قتل کے واقعات کو اجاگر کیا ہے۔
ایک غیر سرکاری تنظیم کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال ملک میں چھ خواتین کو قتل کیا گیا جبکہ 2022 میں یہ تعداد مجموعی طور پر 36 تھی۔ 2021 اور 2020 میں بالترتیب 36 اور 32 خواتین کو قتل کیا گیا۔