ہندوستانی سرحد میں گھسے پاکستانی فضائیہ کے طیارے کو مار گرایا گیا
نوشیرا۔پاکستان کے خیبر پختونخوا واقع بالاکوٹ میں جیش محمد کے سب سے بڑے دہشت گردانہ کیمپ پر ہندوستانی فضائیہ کے حملے کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی عروج پر ہے۔
جموں وکشمیر کے راجوری ضلع میں واقع نوشیرا کے گاوں کلال میں جنگی طیاروں کے دیکھے جانے کی بات کہی جا رہی ہے۔ جس کے بعد ہندوستانی فضائیہ کے طیاروں نے انہیں واپس لوٹنے پر مجبور کر دیا۔ خبر ہے کہ پاکستانی طیاروں نے واپس لوٹتے ہوئے بم گرائے۔ حالانکہ اس سے کسی خاص نقصان کی خبر نہیں ہے۔ ہندوستانی سرحد میں گھسے پاکستانی فضائیہ کے طیارے ایف۔16 کو ہندوستانی جوانوں نے مار گرایا
اس درمیان کشمیر جانے والی ہندوستانی کمرشیل پروازوں کے رد ہونے کی خبر ہے۔ انڈیگو اور اسپائس جیٹ نے اس بات کی تصدیق کی ہے۔ ہندوستانی فضائیہ نے چندی گڑھ، لیہہ اور جموں وکشمیر میں سبھی طرح کی کمرشیل پروازوں پر روک لگا دی ہے۔ جموں اور سری نگر کے ائیرپورٹ کچھ وقت کے لئے کمرشیل پروازوں کے لئے بند کر دئیے گئے ہیں۔ جموں اور سری نگر کے لئے روانہ ہوئیں کچھ پروازیں اپنے شہر کو لوٹ آئی ہیں۔ انڈیگو اور گو ائیر نے اپنے طیاروں کو واپس دلی بلا لیا ہے۔
خیال رہے کہ ہندوستانی فضائیہ کی طرف سے پاک مقبوضہ کشمیر میں کئے گئے فضائی حملے کے بعد ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی بڑھ گئی ہے۔ جموں وکشمیر کے پلوامہ میں سی آر پی ایف کے قافلے پر ہوئے دہشت گردانہ حملہ کا بدلہ لینے کے لئے ہندوستانی فضائیہ نے پاک مقبوضہ کشمیر میں گھس کر جیش کے ٹھکانوں پر حملہ کیا تھا۔ منگل کی رات تقریبا ساڑھے تین بجے ایک ساتھ 12 میراج۔ 2000 جنگی طیاروں نے بالاکوٹ میں دہشت گردوں کے بڑے ٹھکانوں پر حملہ کیا تھا اور اسے پوری طرح سے تباہ کر دیا تھا۔ ذرائع کے مطابق، اس حملہ میں 200 سے 300 دہشت گردوں کے مارے جانے کی اطلاع ہے۔ ہندوستان کے حملے کے بعد پاکستان نے دھمکی دی ہے کہ اس حملہ کا جواب جلد دیا جائے گا۔