پاکستان: کابینہ نے وزیراعظم اور صدر کے فرسٹ کلاس ہوائی سفر پر پابندی لگائی

0 20
پاکستان: کابینہ نے وزیراعظم اور صدر کے فرسٹ کلاس ہوائی سفر پر پابندی لگائی

ایک ہفتے میں دوسری مرتبہ جمعہ کے دن کابینہ کی میٹنگ میں فرسٹ کلاس ہوائی سفر پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔

اسلام آباد۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرقیادت نئی کابینہ نے اعلی افسران سمیت صدر اور وزیراعظم کے فرسٹ کلاس ہوائی سفر پرپابندی عائد کردی ہے۔ ڈان نے ایک رپورٹ میں بتایا کہ ایک ہفتے میں دوسری مرتبہ جمعہ کے دن کابینہ کی میٹنگ میں فرسٹ کلاس ہوائی سفر پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔

کابینہ کی اس میٹنگ میں صدر اور وزیراعظم سمیت ملک کے اعلی افسران، چیف جسٹس، سینیٹ چیئرمین، قومی اسمبلی کے اسپیکر اور وزرائے اعلی بین الاقوامی ہوائی سفر میں فرسٹ کلاس کے بجائے بزنس کلاس اور کلب کلاس میں سفر کرنے کا فیصلہ لیا گیا۔ اس طرح کے فیصلے لینے کی ایک وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ پاکستانی ائرلائنز میں فرسٹ کلاس زمرے کا کوئی کلاس ہی نہیں ہے اور بین الاقوامی ائرلائنز فرسٹ کلاس زمرے میں بزنس اور کلب کلاس کے مقابلے میں 300 گنا زیادہ کرایہ لیتی ہے۔

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان: تصویر رائٹرز۔

وزیراعظم عمران خان خصوصی طیارہ میں سفر کرنے کے بجائے غیر ممالک کے دورے میں بزنس کلاس میں سفر کریں گے۔ واضح رہے کہ عمران خان کی تحریک انصاف پارٹی (پی ٹی آئی) نے اپنے انتخابی منشور میں سادگی اپنانے کا وعدہ کیا تھا۔ اسی وعدے کے تحت یہ فیصلہ کیا گیا۔