پاکستان : سیلابی ریلے میں بہہ جانے والا لڑکا 4 روز بعد معجزاتی طور پر زندہ برآمد

پاکستسن کے خیبر پختو نخوا کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلابی ریلے میں ڈوبنے والا 12 سال کا لڑکا 4 روز بعد زندہ سلامت مل گیا۔

چار روز قبل جب سیلابی ریلوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں قیامت مچا رکھی تھی، اس دوران سگو کے قریب ایک ٹرک پانی کے ریلے کی زد میں آگیا۔

ٹرک میں 12 سالہ بچے سمیت ڈرائیور اور ایک استاد سوار تھے، عینی شاہدین کے مطابق ڈرائیور سمیت 2 افراد کی لاشیں پانی سے نکال لی گئی تھیں تاہم بچے کی لاش کی تلاش جاری تھی۔

آج چوتھے روز بچے کی تلاش کے دوران پانی میں درخت کے تنے پر بیٹھے بچے نے آواز دی تو لوگوں کی خوشی کی انتہا نہ تھی کہ بچہ درخت تنے کو پکڑے نڈھال بیٹھا تھا، بچہ بھوکا پیاسا اور 4 روز مدد کا منتظر رہا، صبر و ہمت سے موت سے لڑتا رہا اور زندہ سلامت رہا۔

بچے کے مطابق میں نے بہتے ہوئے اس درخت کو پکڑ لیا تھا اور 4 روز تک بھوکا پیاسا اور بغیر نیند کے اس پر رہا۔