پاپولر فرنٹ آف انڈیاکے خلاف پولس کی کاروائی۔108 اراکین کو گرفتار کیا
لکھنؤ۔ گذشتہ دسمبر ماہ میں اترپردیش میں شہریت (ترمیمی) قانون اور این آر سی کے خلاف ہونے والے احتجاج کے دوران تشدد بھڑکانے کے الزام میں یوپی پولیس نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا(پی ایف آئی) کے 108 اراکین کو گرفتار کیا ہے۔
پیر کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اڈیشنل چیف سکریٹری (داخلہ) اوینیش اوستھی اور ڈی جی پی ہتیش چندر اوستھی نے کہا کہ تشدد بھڑکانے والوں کی گرفتاری کے لئے چلائی جارہی خصوصی مہم کے تحت ان افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار شدہ افراد میں 25 پی ایف آئی کے ذمہ دار ہیں اور باقی اس کے رکن ہیں۔ یہ تنظیم 13 اضلاع میں کافی سرگرم ہے۔
انہوں نے دعوی کیا کہ اس بات کے وافر ثبوت ہیں کہ اس تنظیم نے سی اے اے اور این آر سی کے خلاف احتجاج کے لئے مظاہرین میں پیسے تقسیم کئے اور انہوں نے ہی احتجاج کے دوران تشدد برپا کیا۔