پانچ ریاستوں میں روڈ شو، ریلیوں پر عائد پابندی میں گیارہ فروری تک توسیع

0 6

نئی دہلی: پانچ ریاستوں میں ہونے والے اسمبلی انتخابات کے مدنظر الیکشن کمیشن نے ان ریاستوں میں روڈشو، پد یاترا، سائیکل، بائیک، گاڑی ریلیوں اور جلوس پر عائد پابندی میں 11فروری تک توسیع کردی ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے پیر کو یہاں جاری ایک بیان کے مطابق یکم فروری سے براہ راست تشہیر میں نرمی دیتے ہوئے اب سیاسی جماعتوں یا الیکشن لڑنے والے امیدواروں کو 500 کی بجائے ایک ہزار لوگوں یا اجلاس کے مقام کی گنجائش کے پچاس فیصد کی تعداد کے ساتھ براہ راست عوامی اجلاس منعقد کرنے کی رعایت دی گئی ہے۔

کمیشن نے گھر گھر جاکر تشہیر کی حد میں بھی اضافہ کر دیا ہے۔ اب گھر گھر جاکر تشہیر کرنے کے لئے 10 لوگوں کی جگہ سیکورٹی اہلکاروں کو چھوڑ کر 20 لوگوں کی اجازت دی جائے گی۔ اس کے علاوہ کمیشن نے اب سیاسی جماعتوں کو 300 کی تعداد میں اصافہ کرکے اسے 500 افراد یا ہال کی گنجائش کی پچاس فیصد تعداد کی انڈور میٹنگوں کی اجازت بھی دے دی ہے۔