پارلیمانی انتخابات کے پیشِ نظر15تا17نومبر کانگریس کی ممبئی میں اہم میٹنگ

0 3

پارلیمانی حلقوں کے ساتھ ریاست کی سیاسی صورت حال کا بھی جائزہ لیا جائے گا

ممبئی:6۔نومبر(ورقِ تازہ نیوز) آئندہ پارلیمانی انتخابات کے پیشِ نظر مہاراشٹر پردیش کانگریس پارٹی کے صدر وممبر پارلیمنٹ اشوک چوہان اس ماہ کی 15تا17تاریخ کو ریاستی کانگریس کے صدر دفتر تلک بھون دادر ممبئی میں اہم میٹنگ کریں گے جس میں ریاست کے پارلیمانی حلقوں کے ساتھ سیاسی صورت حال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اس میٹنگ میں آل انڈیا کانگریس کے جنرل سکریٹری اور مہاراشٹر پردیش کانگریس کے نگراں ملکا رجن کھڑگے کے ساتھ ریاست کے تمام اہم وسینئر کانگریسی لیڈران شریک ہونگے۔ یہ اطلاع آج یہاں مہاراشٹرپردیش کانگریس کمیٹی کے جنرل سکریٹری ایڈووکیٹ گنیش پاٹل نے دی ہے۔ اطلاع کے مطابق اس میٹنگ میں صرف پارلیمانی حلقوں اور ان حلقوں کے سیاسی صورت حال کے جائزے پر ہی توجہ مرکوز رکھی جائے گی کیونکہ ریاستی سطح کی جن سنگھرش یاترا کی بے پناہ کامیابی نے ریاست کی سیاسی صورت حال کو مکمل طور پر تبدیل کردیا ہے اور ریاستی ومرکزی حکومتوں کے خلاف عوام میں زبردست غصہ وناراضگی پائی جارہی ہے۔ اس کے پیشِ نظر یہ ضروری ہے کہ کانگریس ازسرِ نو پارلیمانی حلقو ںکا جائزہ اور ریاست کے سیاسی صورت حال کے پیشِ نظر نئے سرے سے اپنی حکمت عملی ترتیب دے۔ تلک بھون میں ہونے والی اس تین روزہ میٹنگ کے شیڈول بتاتے ہوئے ایڈووکیٹ گنیش پاٹل نے بتایا کہ جمعرات 15نومبر کو مراٹھواڑہ حلقے کی میٹنگ صبح ساڑھے دس بجے سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک جاری رہے گی، اس کے بعد مغربی مہاراشٹر کے حلقے کی میٹنگ شروع ہوگی جو دوپہر دو بجے سے شام پانچ بجے تک جاری ہے گی۔ اسی طرح جمعہ16نومبر کو ودربھ حلقے کی میٹنگ ہوگی جو صبح ساڑھے دس سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک چلے گی جس کے بعد شمالی مہاراشٹر کے حلقوں کی میٹنگ ہوگی جو شام پانچ بجے تک جاری رہے گی، جبکہ سنیچر17نومبر کو کوکن حلقے کی میٹنگ ہوگی جو صبح ساڑھے دس بجے سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک جاری رہے گی۔