ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ فائنل: پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 138 رنز کا ہدف دے دیا

163

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے فائنل میں انگلینڈ کو جیت کے لیے 138 رنز کا ہدف دیا ہے۔پاکستان کی جانب سے شان مسعود نے 28 گیندوں پر 38 رنز بنائے، ان کے علاوہ کوئی بھی پاکستانی بلے باز اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔کپتان بابر اعظم نے 28 گیندوں پر 32، محمد رضوان نے 14 گیندوں پر 15، محمد حارث نے 12 گیندوں پر آٹھ، شاداب خان نے 14 گیندوں پر 20، محمد نواز نے سات گیندوں پر پانچ رنز بنائے۔ افتحار احمد بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے۔

انگلینڈ کی جانب سے فاسٹ بالر سیم کرن نے شان دار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار اوورز میں 12 رنز دے کر تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ عادل رشید نے چار اوورز میں 22 رنز دے کر دو، کرس جارڈن نے چار اوورز میں 27 رنز دے کر دو، بین اسٹوکس نے چار اوورز میں 32، کرس ووکس نے تین اوورز میں 26 رنز دیے۔

پاکستان الیون کپتان بابر اعظم، محمد رضوان، شان مسعود، محمد حارث، افتحار احمد، شاداب خان، محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، حارث رؤف اور شاہین شاہ آفریدی پر مشتمل ہے۔

انگلینڈ کی ٹیم میں کپتان جوس بٹلر، ایلکس ہیلز، فل سالٹ، بین اسٹوکس، ہیری بروک، لیام لیونگسٹن، معین علی، سیم کرن، کرس ووکس، کرس جارڈن اور عادل رشید شامل ہیں۔

پاکستان کی ٹیم نیوزی لینڈ جب کہ انگلیںڈ نے بھارت کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ دونوں ٹیمیں ایک، ایک بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر چکی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا فائنل پاکستان کے بہترین بالنگ اٹیک اور انگلینڈ کی بیٹنگ کے درمیان ہو گا۔

ایک طرف جہاں میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستانی شائقین ٹیم کا حوصلہ بڑھانے کے لیے پہنچ رہے ہیں تو وہیں سوشل میڈیا پر بھی ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

پاکستان کے وزیرِ اعظم شہباز شریف نے پاکستانی ٹیم کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے ٹوئٹ کی کہ پوری پاکستانی قوم آپ کے ساتھ ہے۔

سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے بھی اپنی ٹوئٹ میں گرین شرٹس کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گراؤنڈ میں جا کر اس بڑے موقع کو انجوائے کریں اور جارحانہ کرکٹ کھیلیں۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم نے 2009 میں یونس خان کی قیادت میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اپنے نام کیا تھا۔ پاکستان نے لارڈز میں کھیلے گئے فائنل میں سری لنکا کو شکست دی تھی۔

پچاس اوورز کرکٹ ورلڈ کپ کی چیمپئن انگلینڈ نے 2010 میں ویسٹ انڈیز میں کھیلے گئے فائنل میں آسٹریلیا کو شکست دے کر کے ورلڈ کپ جیتا تھا۔

پاکستان کی ٹیم ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کا فائنل تیسری مرتبہ کھیل رہی ہے، پہلی مرتبہ پاکستان نے اس فارمیٹ کے پہلے ایڈیشن میں بھارت کے خلاف فائنل کھیلا تھا جس میں بھارت نے کامیابی حاصل کی تھی۔

دوسری مرتبہ 2009 میں سری لنکا کے خلاف فائنل کے بعد اب 13 برس بعد پاکستان اس فارمیٹ کا تیسری مرتبہ فائنل کھیل رہا ہے۔