ٹی وی اداکار سدھانت ویر سوریہ ونشی کا انتقال، ورزش کے دوران آیا ہارٹ اٹیک

886

ممبئی ؛ٹی وی انڈسٹری سے ایک انتہائی افسوسناک خبر سامنے آ رہی ہے۔ مشہور و معروف ٹی وی اداکار سدھانت ویر سوریہ ونشی کا 46 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار جِم میں ورزش کر رہے تھے جب مبینہ طور پر اچانک گر گئے۔ موصولہ خبروں میں بتایا جا رہا ہے کہ انھیں ہارٹ اٹیک آیا تھا

جس کے بعد فوراً سدھانت کو اسپتال لے جایا گیا تھا۔ ڈاکٹروں کی ٹیم نے تقریباً 45 منٹ تک ان کا علاج کر جان بچانے کی کوشش کی، لیکن ناکامی ہاتھ لگی۔سدھانت ویر سوریہ ونشی کی موت کی خبر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔ سبھی لوگ سدھانت کے گھر والوں اور ان کے رشتہ داروں سے ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں اور صبر کی تلقین کی جا رہی ہے۔ قابل ذکر ہے کہ سدھانت کے کنبہ میں ان کی بیوی اور دو بچے ہیں۔ حال ہی میں اداکار نے اپنا نام آنند سوریہ ونشی سے بدل کر سدھارتھ سوریہ ونشی کر لیا تھا۔ وہ ٹی وی انڈسٹری میں کافی پسند کیے جاتے تھے۔

ٹی وی اداکار جئے بھانوشالی نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعہ سدھانت کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔ انھوں نے سدھانت ویر سوریہ ونشی کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے ’’بھائی تم بہت جلدی چلے گئے۔‘‘ جئے بھانوشالی نے ایک میڈیا ادارے سے اس سلسلے میں بات بھی کی۔ انھوں نے کہا کہ ’’مجھے ایک کامن دوست سے یہ جانکاری حاصل ہوئی۔ جِم میں ورزش کرتے ہوئے انھوں نے دَم توڑ دیا۔‘‘