ٹی ایم سی ایم پی کی اہلیہ کا سی بی آئی نوٹس پر جواب

کولکتہ : ترنمول کانگریس کے ایم پی ابھیشیک بنرجی کی شریک حیات روجیرا بنرجی نے پیر کو سی بی آئی کے سمن کا کوئلہ اسکام کے سلسلے میں جواب دیا اور سنٹرل ایجنسی سے کہا کہ اپنی ٹیم ان کی قیام گاہ کو جانچ پڑتال کیلئے منگل کو بھیجے۔ عہدیداروں نے کہا کہ سی بی آئی نے اتوار کو نوٹس بھیج کر روجیرا سے تحقیقات میں شامل ہونے کیلئے کہا تھا۔ سی بی آئی عہدیداروں کی ایک ٹیم اتوار کو ابھیشیک بنرجی کی قیام گاہ گئی تھی جہاں سمن حوالے کیا گیا لیکن اس وقت روجیرا موجود نہیں تھی۔ ابھیشیک بنرجی نے چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی کے بھتیجے ہیں۔ روجیرا نے سمن کے جواب میں سی بی آئی سے خواہش کی کہ وہ منگل کو 11 بجے دن اور سہ پہر 3 بجے کے درمیان ان کی قیام گاہ کو آسکتے ہیں۔ انہوں نے سی بی آئی کو اپنے مکتوب میں کہا کہ اگرچہ وہ تحقیقات کے اصل موضوع سے لاعلم ہے اور نہیں جانتی کہ انہیں کس وجہ سے پوچھ تاچھ کیلئے طلب کیا جارہا ہے، لیکن پھر بھی وہ مرکزی ادارہ سے تعاون کرتے ہوئے 23 فروری کو صبح 11 بجے اور سہ پہر 3 بجے کے درمیان اپنی قیام گاہ پر ان کیلئے موجود رہیں گی۔

Leave a comment