ٹویٹر پر تین طرح کے اکاؤنٹس متعارف کرائے جانے کا امکان

سان فرانسسکو: ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر کا کنٹرول سنبھالے جانے کے بعد جہاں ٹوئٹر بلیو ٹک کے لیے ماہانہ 8 ڈالر فیس کی وصولی کا اعلان کیا گیا ہے، وہیں اب خبر سامنے آئی ہے کہ ٹوئٹر پر تمام اکاؤنٹس کو تین مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا جائے گا۔

اس وقت ٹوئٹر بلیو نامی سروس کی سربراہ ایسٹر کرافورڈ نے تصدیق کی ہے کہ پلیٹ فارم پر تین کیٹیگریز کے اکاؤنٹس متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے ’سی این بی سی‘ کے مطابق ٹوئٹر کی پراڈکٹ منیجر اور ٹوئٹر بلیو کی ہیڈ نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ اب ٹوئٹر پر بلیو ٹک حاصل کرنے کے لیے پہلی کی طرح اپنی شناخت ظاہر کرنے کے لیے تحریریں یا دوسرے قانونی دستاویزات فراہم نہیں کرنے پڑیں گے۔

ان کی جانب سے بتائی گئی باتوں کے مطابق اب ٹوئٹر پر ہر صارف کو ماہانہ 8 ڈالر فیس کے عوض بلیو ٹک دیے جانے کا امکان ہے۔انہوں نے بتایا کہ اسی طرح جن افراد یا اداروں کے پاس پہلے سے ہی بلیو ٹک موجود ہے اور جب ان سے ماہانہ فیس وصول کی جائے گی تو ان کے اکاؤنٹ کے آگے ’آفیشل‘ کا لیبل بھی نظر آئے گا۔