وینزویلا: ’خدا سے ملاقات‘ کے لیے بچوں سمیت روحانی سفر پر روانہ ہونے والا گروہ پراسرار طور پر لاپتہ
وینیزا بشلٹر
بی بی سی نیوز
2 گھنٹے قبل
وینیزویلا
،تصویر کا ذریعہGETTY IMAGES
،تصویر کا کیپشن
57 سالہ مذہبی خاتون اپنے مریدوں کو اپنے ساتھ پہاڑوں پر لے کر گئیں تھیں، اب حکام اس گروہ کی تلاش میں ہیں
لاطینی امریکا کے ملک وینزویلا میں حکام ایک ایسے گروہ کو تلاش کر رہے ہیں جو انڈیز کی پہاڑیوں میں مبینہ طور پر ایک ’روحانی سفر‘ پر روانہ ہوا تھا۔
ان افراد کے رشتہ داروں کے مطابق ان لاپتہ افراد سے 22 اگست کے بعد سے کوئی رابطہ نہیں ہوا اور نہ ہی ان کی جانب سے کسی قسم کا کوئی پیغام موصول ہوا ہے۔
مقامی انتظامیہ کے ایک افسر نے بتایا کہ لاپتہ افراد کی تعداد 16 سے 20 کے درمیان ہو سکتی ہے لیکن مقامی میڈیا کے مطابق یہ تعداد اس سے زیادہ ہے۔
وینزویلا کی ٹچیرہ ریاست کے پہاڑی علاقوں میں گمشدہ افراد کی تلاش کے لیے ڈرونز اور کتوں کی بھی مدد لی جا رہی ہے۔
’وہ چار دن کے لیے گئے تھے‘
گمشدہ افراد کے پڑوسیوں نے مقامی اخبار ’لا نیشیون‘ کو بتایا کہ یہ سب مقامی لوگ تھے جو کھانا اور کیمپنگ کا سامان لے کر پہاڑوں کی جانب یہ کہہ کر روانہ ہوئے تھے کہ وہ چار دن کے لیے ایک ’روحانی سفر‘ پر جا رہے ہیں۔
مقامی حکام کے مطابق گمشدہ افراد میں ایک نوزائیدہ بچے سمیت چند کم عمر بچے بھی شامل ہیں۔
منگل کو مقامی انتظامیہ نے لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ٹیموں کو اس مقام پر روانہ کیا تھا جہاں مقامی لوگوں کے مطابق ان کو آخری بار دیکھا گیا تھا لیکن ان کو کوئی سراغ نہیں مل سکا۔
لا گریٹا کا یہ علاقہ تقریبا 4725 فٹ بلندی پر واقع ہے جس کے قرب و جوار میں پہاڑیاں ہیں جن کی بلندی نو ہزار فٹ تک جاتی ہے۔
علاقے کے میئر نے ان افراد کی گمشدگی کو ’بہت مشکوک‘ قرار دیا ہے۔
تاہم انھوں نے کہا ہے کہ ’اس بارے میں مختلف نظریات ہیں کہ کیا ہوا لیکن ہم حتمی طور پر اس وقت تک کچھ نہیں کہہ سکتے جب تک ہماری تفتیش مکمل نہیں ہو جاتی۔‘
لا گریٹا کے ایک پادری کے مطابق اس گروہ میں شامل تمام افراد ایک خاتون کے مرید تھے جس کا دعویٰ تھا کہ اسے پر ’وحی‘ نازل ہوتی ہے۔
’لا نیشیون‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ 57 سالہ مذہبی خاتون ہی اپنے مریدوں کو اپنے ساتھ پہاڑوں پر لے کر گئیں تھیں اور انھوں نے دعویٰ کیا تھا کہ اس روحانی سفر میں ان کی ’خدا سے ملاقات‘ ہو گی۔
اخبار کے مطابق اس خاتون نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ ملاقات ایک پہاڑی پر ہو گی جو جوان پیبلو پینالوزا نیشنل پارک کے قریب اور ٹچیرہ اور میریڈا ریاست کے درمیان پہاڑیوں میں ہے۔
ایک اور مقامی اخبار نے گمشدہ افراد کے رشتہ داروں سے بات چیت کی اور لکھا کہ ان افراد کے مطابق یہ خاتون کوئی عام شخصیت نہیں۔
لانیشیون نے بھی ایک شخص سے ان دعووں پر انٹرویو کیا تو اس نے بتایا کہ ’اس خاتون نے کئی لوگوں کو چرچ بھجوایا۔ وہ کہتی تھی کہ مسیح ہمارے اعمال کی وجہ سے خون کے آنسو روتے ہیں اور یہ کہ دنیا ختم ہونے والی ہے۔‘
مقامی چرچ کے پادری نے اتوار کو اپنے وعظ میں لوگوں کو تنبیہ کی کہ وہ ایسے جنونی لوگوں کی باتوں میں مت آئیں جو دنیا کے ختم ہونے جیسے دعوے کرتے ہیں۔