ویلفیئر پارٹی دہلی پردیش نے نوٹ بندی کی دوسری سالگرہ پر منایا یوم سیاہ

0 21

نئی دہلی 9نومبر(پریس ریلیز)نوٹ بندی کی دوسری سالگرہ پر ویلفیئرپارٹی دہلی پردیش نے پریس کانفرنس کا انعقاد کیا اور پورے دہلی میں ریلی کا بھی اہتمام کیا ۔وکاس پوری میں پردیش صدر سراج طالب نے مرکزی حکومت پر نشانہ لگاتے اس دن کو سیاہ دن بتایا اور نوٹ بندی کو بڑا گھوٹالہ اور ملک کے ساتھ دھوکہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوٹ بندی جیسی آفت کی دوسری برسی ہے۔ یہ ملک کے لوگوں کے ساتھ بہت بڑا دھوکہ ہے اور آہستہ آہستہ ملک بھر کے ماہرین اقتصادیات اور دیگر ماہر ین نے اس پر اتفاق کیا۔ اعداد و شمار بھی یہ بتاتے ہیں کہ نوٹ بندی کا ملک کو کوئی فائدہ نہیں ہوا بلکہ پورا ملک پریشان ہوا۔نوٹ بندی کے ذریعے حکومت نے ایک بڑا گھوٹالہ کیا ہے۔ یہ ملک کے ساتھ سب سے بڑا دھوکہ تھا۔ اس کی وجہ سے بہت سے لوگوں کی جان چلی گئی۔ بھارت کی اقتصادی حالت بدتر ہو گئی۔ ایسا فیصلہ لینے والوں کو عوام ضرور سبق سکھائے گی ۔انہوں نے کہا کہ نوٹ بندی اپنا مقصد حاصل کرنے میں ناکام رہی اور اس نے چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کو برباد کر دیا۔عارف اخلاق پردیش سکریٹری نے کہا کہ حکومت نے نوٹ بندی کے پیچھے چار وجہ کالا دھن ختم کرنا، بدعنوانی ہٹانا، دہشت گردی کا خاتمہ اور جعلی کرنسی کو چلن سے باہر کرنا بتایاتھا۔ ان میں سے ایک بھی مقصد حاصل نہیں ہوا۔حالانکہ اس سے غیر منظم سیکٹر کو بڑا نقصان ہوا۔ 90 فیصد روزگار غیر منظم سیکٹر سے آتا ہے، جو نوٹ بندی سے آئی پیسے کی قلت سے سب سے زیادہ نقصان میں رہا۔انہوں نے کہا کہ چلن میں 99.3 فیصد نوٹ ریزرو بینک کے پاس واپس گئے۔ کچھ ہی دنوں میں دو ہزار کے جعلی نوٹ سامنے آ گئے۔ ان سب کے درمیان بھارت کی دنیا میں شبیہ خراب ہوئی کہ بھارت ایسا ملک ہے، جہاں لوگوں کے پاس کالا دھن ہے۔اس موقع پر مشکوۃہاشمی ،وکاس پوری ودھان سبھا صدر عابد ملک ،محمد رضوان ،ڈاکٹر شبیر ،نوشاد ،شکیل وغیرہ موجود تھے۔