قاہرہ : مصر کے شہر شرم الشیخ میں ولی عہد ابوظبی شیخ محمد بن زاید، مصری صدر عبدالفتاح السیسی اور اسرائیلی وزیراعظم نفتالی بینٹ نے ملاقات کی ہے۔تینوں ممالک کے درمیان تعلقات اور انہیں ہر سطح پر مضبوط بنانے کے طریقوں پر بات چیت کی گئی ہے ۔اماراتی خبررساں ادارے وام کے مطابق تینوں ملکوں کے رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، باہمی تعاون اور خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے مشاورت اور یکجہتی کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ابوظبی، مصر اور اسرائیل کے قائدین نے بین الاقوامی منڈیوں کے استحکام اور توانائی کے تحفظ کے بارے میں بھی بات چیت کی ہے۔شیخ محمد بن زائد، مصری صدر اوراسرائیلی وزیراعظم نے باہمی دلچسپی کے علاقائی و بین الاقوامی حالات اور متعدد مسائل پر نقطہ ہائے نظر کا تبادلہ کیا۔ السیسی نے ابوظبی کے ولیعہد اوربینیٹ کی میزبانی کی ہے۔