پڈوچیری ۔ پڈوچیری میں پولیس نے ایک 43 سالہ شخص کو گرفتار کرلیا ہے جس نے اپنے فیس بک پوسٹ پر وزیر اعظم نریندر مودی کو ہلاک کرنے کی پیشکش کی ہے ۔ اس نے کہا کہ وہ پانچ کروڑ روپئے کے عوض وزیر اعظم کو ہلاک کرسکتا ہے ۔ ملزم کی رئیل اسٹیٹ تاجر ستیہ نندم کی حیثیت سے شناخت ہوئی ہے اور اسے گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں دیدیا گیا ہے ۔ اس کے خلاف تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ اس نے اپنے پوسٹ میں کہا تھا کہ وہ وزیر اعظم نریندرمودی کو ہلاک کرنے کیلئے تیار ہے اگر کوئی اس کے عوض اسے پانچ کروڑ روپئے ادا کرے ۔ ایک کار ڈرائیور نے یہ پوسٹ دیکھا تھا جس نے پولیس کو مطلع کیا اور پولیس نے اکاونٹ کا پتہ چلا کر اس شخص کو گرفتار کرلیا ۔


اپنی رائے یہاں لکھیں