دبئی : وزیر اعظم شہباز شریف سے متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے اقتصادی ماہرین کی ایک ٹیم نے ملاقات کی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان خاص طور پر تجارت، توانائی، بنیادی ڈھانچے اور پٹرولیم کے شعبوں میں دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ متحدہ عرب امارات کے تسلسل میں یو اے ای کے معاشی وفد نے 3 مئی 2022 کو پاکستان کا اہم دورہ کیا اور وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔وزیر اعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں عیدالفطر کی مبارکباد دی اور عید کی تعطیلات میں پاکستان آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔اعلامیے کے مطابق متحدہ عرب امارات کے معاشی ماہرین سے ملاقات میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو سب سے زیادہ ترجیح دیتا ہے اور تعلقات کو خاص طور پر اقتصادی محاذ پر ایک نئی سطح تک لے جانے کا خواہش مند ہے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستان اس برادرانہ اقدام کا گرمجوشی سے خیر مقدم کرتا ہے اور اماراتی بھائیوں کی جانب سے پاکستان میں خاطر خواہ اور نمایاں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کو خوش آمدید کہتا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ دونوں فریقین نے تجارت، توانائی، بنیادی ڈھانچے، پٹرولیم اور دیگر اہم شعبوں سمیت دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔