واٹس ایپ گروپ کے ذریعہ سیکس ریکٹ چلانے کا پردہ فاش
کانپور:5نومبر۔(ایجنسیز)اترپردیش کی کانپور پولیس نے واٹس ایپ گروپ کے ذریعہ سیکس ریکٹ چلانے والے تین نوجوانوں کو گرفتار کیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق کانپور میں کوچنگ منڈی کے نام سے مشہور کاکادیو میں واٹس ایپ گروپ کے ذریعہ سیکس ریکٹ چلانے والے تین نوجوانوں موہت شکلا، سورج سنگھ اور نیپال کے سندیپ سنگھ کو گرفتار کیا گیا ہے۔ پولیس اس سلسلے میں تفتیش کے ذریعہ دیگر نوجوانوں کو بھی تلاش کررہی ہے۔پولیس نے بتایا کہ سندیپ اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر کنگس آف کاکادیو نام سے واٹس ایپ گروپ بناکر سیکس ریکٹ چلا رہا تھا جس سے وہ لڑکوں اور لڑکیوں سے تین سے پانچ ہزار روپئے تک لیتا تھا۔ پوچھ گچھ میں ملزمین نے بتایا کہ وہ کوچنگ سینٹروں سے طالب علموں اور ان کے والدین کے موبائل نمبر جمع کرنے کا کام کرتے تھے۔بعد میں یہ لوگ اپنے بنائے واٹس ایپ گروپ میں انہیں شامل کرتے تھے۔ جس کے بعد اس گروپ میں وہ فحش تصاویر اور ویڈیو بھیجتے تھے۔ ایسا کرنے کے بعد زیادہ تر والدین، مرد، خواتین اور طالب علم گروپ سے باہر ہو جاتے تھے لیکن ان میں سے کچھ لوگ اس گروپ میں برقرار بھی رہتے تھے۔ جو بعد میں ان کے رابطے میں آتا انہیں اپنا گاہک بناتے تھے۔