واٹس اپ پر بیوی کو طلاق ثلاثہ دینے والے مرد کیخلاف مقدمہ

اورنگ آباد ۔ 18 اکٹوبر ۔ایک 26 سالہ مسلم مرد نے ضلع اورنگ آباد میں مبینہ طور پر اپنی بیوی کو واٹس اپ کے ذریعہ طلاق ثلاثہ دے دی۔ بیوی کی شکایت پر پولیس نے جاوید صابر پٹھان ساکن کھنڈالا تعلقہ ویجاپور کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا۔ دفعہ 4 مسلم خواتین (تحفظ ازدواجی حقوق) آرڈیننس 2018 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ جاوید نے شبانہ نثار شیخ عرف صباءسے ڈسمبر 2016 ءمیں شادی کی تھی۔ حالانکہ دونوں کے تعلقات تقریباً ایک سال تک خوشگوار رہے لیکن اُس کے بعد باقاعدہ تکرار شروع ہوگئی جو معمولی معمولی مسائل پر ہوا کرتی تھی۔ 9 ستمبر 2018 ءکو جاوید نے شبانہ کو اُس کے میکے میں خالہ کے گھر پر چھوڑ دیا جو ضلع کنڑ میں واقع ہے۔ اُس کے بعد اُسے واپس نہیں لے گیا۔ شبانہ کے والدین ملزم کے مکان پہونچے اور اُس سے صلح صفائی کی درخواست کی لیکن 23 ستمبر کو جاوید نے واٹس اپ پر طلاق ثلاثہ دے دی۔ شبانہ نے ویجاپور پولیس اسٹیشن میں شکایت کردی جس کے بعد مقدمہ درج کرلیا گیا۔ جاوید کو ہنوز گرفتار نہیں کیا گیا۔ تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

Leave a comment