والدین کا مہنگا فون خرید کر دینے سے انکار، بیٹی کی چلتے پنکھے میں ہاتھ ڈالنے کی دھمکی

0 24

والدین کی جانب سے مہنگا اسمارٹ فون خرید کر نہ دینے پر 18 سالہ لڑکی نے چھت کے چلتے ہوئے پنکھے میں اپنا ہاتھ ڈال کر خود کو نقصان پہنچانے کی دھمکی دے دی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق لڑکی نے اپنے والدین سے مہنگے اسمارٹ فون کا نیا ماڈل منگوانے کو کہا لیکن والدین کی جانب سے انکار پر اس نے دھمکی دی کہ وہ خود کو نقصان پہنچائے گی۔

اطلاعات کے مطابق لڑکی میڈیکل فرسٹ ایئر کی طالبہ ہے جبکہ والدین وکیل ہیں اور ان کے معاشی حالات بھی بہتر ہیں چونکہ خاندان کے کچھ افراد بیرون ملک آباد ہیں، وہ لڑکی کو کوئی نہ کوئی تحفے بھیجتے رہتے ہیں۔

والدین کا کہنا ہے کہ ان تحائف نے بیٹی کو خراب کر دیا اور اسے ضدی بنا دیا چونکہ اس کے پاس پہلے سے اچھا فون تھا اس لیے ہم نے اسے نیا خرید کر دینے سے انکار کردیا۔ نتیجتاً اس نے پہلےغصے میں چیزوں کو توڑنا اور چیخنا چلانا شروع کر دیا۔

والدین کے مطابق اس کے بعد بیٹی اسٹول پر کھڑی ہوئی اورچھت کے پنکھے میں انگلیاں ڈال کر خودکو نقصان پہنچانے کی دھمکی دی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق والدین نے181 ہیلپ لائن پر کال کی جس کے بعد ایک کانسٹیبل اور مشکل حالات میں مشاورت اور رہنمائی کرنے والے اہلکار رہائش گاہ پہنچے اور آخر کار آدھے گھنٹے کے بعد لڑکی اسٹول سے نیچے آئی۔