نیپال میں پوکھرا ایئرپورٹ پر مسافر طیارہ گر کر تباہ، 40 لاشیں نکال لی گئیں

510

نیپال میں حکام کے مطابق پوکھرا ایئرپورٹ پر ایک طیارہ گر کر تباہ ہو گیا ہے جس میں 72 مسافر سوار تھے۔نیپال کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان نے بی بی سی کو بتایا ہے کہ حادثے کے بعد سے اب تک 40 لاشیں نکال لی گئی ہیں۔

ییٹی ایئرلائنز کا طیارہ کھٹمنڈو سے پوکھرا جا رہا تھا جب لینڈنگ کے وقت وہ گر کر تباہ ہو گیا۔ترجمان جگناتھ نیرولا کے مطابق طیارے میں عملے کے چار ارکان سمیت 68 مسافر سوار تھے اور ان مسافروں میں 53 نیپالی اور پانچ انڈین شہری شامل تھے۔

اس کے علاوہ طیارے میں روس کے چار، کوریا کے دو، آئرلینڈ، آسٹریلیا، ارجنٹائن اور فرانس سے ایک ایک مسافر سوار تھا۔نیپالی فوج اس وقت کریش سائٹ پر ریسکیو آپریشن میں مصروف ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز سے بات کرتے ہوئے نیپالی فوج کے ترجمان نے کہا کہ ’ابھی ملبے سے مزید لاشیں نکالی جائیں گی‘ کیونکہ طیارہ ’ٹکڑے ٹکڑے ہو چکا ہے۔‘

وزیرِ اعظم پشپا کمال نے کابینہ کا ہنگامی اجلاس بلا کر ریاستی ایجنسیوں سے ریسکیو آپریشن میں معاونت کرنے کا کہا ہے۔سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں جائے حادثہ سے دھواں اٹھتا دیکھا جا سکتا ہے۔

نیپالی فوج کے ترجمان اسسٹنٹ راتھی کرشنا پرساد بھنڈاری نے بتایا کہ ’طیارہ پوکھرا ہوائی اڈے سے ڈیڑھ کلومیٹر دور سیٹی ندی کی گھاٹی میں گر کر تباہ ہوا۔

ان کے مطابق ریسکیو کے لیے اس وقت حادثے کی جگہ پر 120 رینجرز اور 200 فوجی تعینات کیے گئے ہیں۔