نیوزی لینڈ 3-0 سے جیتا، ٹیم انڈیا کی 31 سال میں سب سے شرمناک شکست

0 12

ماؤنٹ مونگانئی: لوکیش راہل (112) کی شاندار سنچری بھی ہندوستان کو تیسرے اور آخری ون ڈے میں شکست سے نہیں بچا سکی اور میزبان نیوزی لینڈ نے سلامی بلے باز ہینری نکولس (80)، مارٹن گپٹل (66) اور کولن ڈی گرینڈهوم (ناٹ آوٹ 58) کی نصف سنچریوں کی بدولت یہ مقابلہ پانچ وکٹ سے جیت کر تین میچوں کی سیریز 0۔3 سے کلین سویپ کر لی۔ یہ 31 سال میں پہلا موقع ہے جب باہمی ون ڈے سیریز میں ٹیم انڈیا کو کلین سوئپ کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

نیوزی لینڈ نے اس کلین سویپ سے ہندوستان سے ٹی -20 سیریز میں ملی صفر۔پانچ کی کلین سویپ کا بدلہ بھی لیا اور ساتھ ہی ہندوستان کے خلاف تین یا اس سے زیادہ میچوں کی ون ڈے سیریز میں پہلی بار کلین سویپ کیا۔ ہندوستان نے گزشتہ نیوزی لینڈ کے دورے میں ون ڈے سیریز 1۔4 سے جیتی تھی لیکن اس بار اسے تینوں ہی میچوں میں زبردست شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 50 اوور میں سات وکٹ پر 296 رن کا مضبوط اسکور بنایا لیکن فارم میں چل رہے نیوزی لینڈ کے بلے بازوں کے سامنے یہ اسکور بھی چھوٹا ثابت ہوا۔ میزبان ٹیم نے 47.1 اوور میں پانچ وکٹ پر 300 رن بنا کر یکطرفہ کامیابی حاصل کر لی۔

ٹی -20 اور ون ڈے سیریز ختم ہونے کے بعد دونوں ٹیمیں اب 21 فروری سے شروع ہونے والی دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں اتریں گی۔ پہلا ٹیسٹ 21 فروری سے ویلنگٹن میں اور دوسرا ٹیسٹ 29 فروری سے کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔

یہ ایک سینڈیکیٹیڈ فیڈ ہے ادارہ نے اس میں کوئی ترمیم نہیں کی ہے. – بشکریہ قومی آواز بیورو