نیس واڈیا کو منشیات رکھنے کے معاملہ میں دوسال کی سزا

لندن ،30اپریل (یواین آئی)واڈیا گروپ کے چیئرمین نوسلی واڈیا کے بڑے بیٹے نیس واڈیا کو جاپان کی ایک عدالت نے منشیات رکھنے کےالزام میں دوسال کی سزا سنائی ہے ،حالانکہ یہ سزا پانچ سال کےلیے ملتوی رہے گی ۔

فائنانشیل ٹائمز کے مطابق 283سال پرانے واڈیا گروپ کے وارث اور کنگس الیون کرکٹ ٹیم کے شریک مالک نیس واڈیا کو مارچ میں شمالی جاپان میں ہوکیڈو کے نیو چنٹوس ایئر پورٹ پر گرفتار کیاگیاتھا۔

اخبار نے جاپان کے سرکاری براڈکاسٹر این ایچ کے کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ جس وقت واڈیا ایئرپورٹ پہنچے تو کھوجی کتوں نے انھیں دیکھ کر زورزرورسے بھونکنا شروع کردیا۔اس کے بعد کسٹم افسران نے انکی تلاشی لی تو انکی پینٹ کی جیب سے 28گرام منشیات برآمدہوئی ۔
واڈیا نے منشیات ہونے کی بات قبول کرلی تھی اور یہ بھی کہاتھا کہ یہ انکے ذاتی استعمال کے لیے تھی ۔
واڈیا کو 20مارچ کو قصوروار قراردیاگیاتھا اور اس سے پہلے انھوں نے کچھ وقت حراست میں گزاراتھا۔ساپاروکی ضلع عدالت نے انھیں دوسال قید کی سزا سنائی اور یہ سزا پانچ سال تک کےلیے ملتوی رہے گی ۔