نوپور شرما کو دھمکی دینے پر اجمیر درگاہ کے خادم کے خلاف مقدمہ درج

21

جیے پور:5۔ جولائی (ایجنسیز) بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی معطل شدہ ترجمان نوپور شرما کو مبینہ طور پر دھمکی دینے کا ویڈیو سوشل میڈیا پر منظر عام پر آنے کے بعد اجمیر درگاہ کے ایک خادم (مولوی) کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ پولیس ملزم کی تلاش کر رہی ہے۔ پیر کی رات ایک شخص نے درگاہ پولیس اسٹیشن میں سلمان چشتی کے خلاف شکایت درج کرائی۔

ویڈیو میں وہ دعویٰ کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں کہ وہ ‘اس کا گھر اس کے حوالے کر دیں گے جو نوپور شرما کا سر لے کر آئے گا۔ ویڈیو میں چشتی نے کہا کہ ‘وہ کھلے عام پیغمبر اسلام کی توہین کرنے پر گولی مار دیتے۔ چشتی نے ویڈیو میں کہا ہے کہ ‘جو کوئی اس نوپور شرما کا سر لے کر آئے گا وہ اسے اپنا گھر دیںگے۔ انہوں نے ویڈیو میں کہا، ’’آپ کو تمام مسلم ممالک کو جواب دینا ہوگا۔ یہ میں راجستھان اجمیر سے کہہ رہا ہوں اور یہ پیغام حضور خواجہ بابا کے دربار سے ہے۔