نمکین پانی سے جراثیم اور بیکٹیریا ختم کرنے والا ماحول دوست اسپرے

بیجنگ: چینی ماہرین نے جراثیم، بیکٹیریا اور بو کو پاک کرنے والا ایک اسپرے آلہ بنایا ہے جس کی پھوار سے جراثیم کا مکمل خاتمہ ہوجاتا ہے۔

اس دلچسپ آلے کو ’ایگرٹ‘ کا نام دیا گیا ہے جو ہر لحاظ سے ماحول دوست بھی ہے۔ اسپرے گھریلو اشیا سمیت پھلوں اور سبزیوں کو بھی جراثیم سے پاک کردیتا ہے اور بو کا خاتمہ بھی کرتا ہے۔ اس کی خاص بات یہ ہے کہ جیسے ہی اس میں سے بجلی گزرتی ہے نمک کے حامل پانی میں الیکٹرو لائزیشن کا عمل ہوتا ہے۔

ایگرٹ آلے کو ای او واٹر کمپنی نے تیار کیا ہے جو الیکٹرو لائزڈ پانی کی قوت سے کام کرتا ہے۔ کمپنی کے مطابق جیسے ہی نمکین پانی سے بجلی گزرتی ہے اس سے جراثیم کش پانی وجود میں آتیا ہے۔ یہ پانی 99.95 جراثیم اور بیکٹیریا ختم کردیتا ہے۔ جیسے ہی بیکٹیریا اس کے سامنے آتے ہیں ان کا بیرونی خول پھٹ پڑتا ہے اور وہ بے اثر ہوجاتے ہیں۔

اس ایجاد کو باقاعدہ پیٹنٹ کرایا جاچکا ہے اس سے قبل کئی طرح کی تحقیق اور تجربات سے ثابت ہوچکا ہے کہ بجلی سے گزارے گئے نمکین پانی سے جراثیم کو 60 سیکنڈ میں ختم کیا جاسکتا ہے جبکہ محلول تین منٹ میں صفائی کا کام بھی کرتا ہے۔ اسے بنانے والی کمپنی کا دعویٰ ہےکہ یہ مکمل طور پر ماحول دوست ہے اور کسی قسم کی جلد کی جلن اور الرجی پیدا نہیں کرتا۔

ایگریٹ فوری طور پر باورچی خانے، غسل خانے، کپڑوں، فرنیچر، قالین، جوتے ، گاڑی کے اندرونی حصوں اور پالتو جانوروں کے سامان کو صاف کرکے بو دور کرتا ہے۔ اس سے بچوں کے کپڑوں اور اشیا کو بھی صاف کیا جاسکتا ہے۔ اس کی بدولت پھل اور سبزیوں کو بھی اچھی طرح صاف کیا جاسکتا ہے اور ان پر کیڑے مار ادویہ کے اثرات کو آسانی سے دور کیا جاسکتا ہے۔

نلکے کے پانی اور نمک سے بجلی گزارا گیا محلول ایک ہی وقت میں الکلی اور تیزابیت کے اثرات رکھتا ہے ۔ اس طرح یہ ایک جانب صفائی کرتا ہے اور دوسری جانب یہ اشیا کو جراثیم کش بناتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ماہرین نے صفائی اور جراثیم بھگانے والے تمام روایتی اشیا کے مقابلے میں بجلی والا نمک پانی بہت مؤثر ثابت ہوسکتا ہے۔

ایگرٹ یوایس بی سے چارج ہوتا ہے اور اس کی قیمت 219 ڈالر ہے۔

The post نمکین پانی سے جراثیم اور بیکٹیریا ختم کرنے والا ماحول دوست اسپرے appeared first on ایکسپریس اردو.

Leave a comment