ناندیڑ:نمسکار چوک میں سنسنی خیز واردات ,تعاقب کرتے ہوئے ہوٹل مالک پر جان لیوا حملہ

745

ناندیڑ:22 جنوری ( ورقِ تازہ نیوز) نمسکار چوک کے حدود میں بھرے راستہ پر ایک دل دہلادینے واقعہ رونما ہوا۔ قدیم تنازعہ کی بناءپر ایک ہوٹل مالک کا تعاقب کرتے ہوئے اس پر خنجر سے حملہ کردیا گیا۔ یہ سارا منظر پٹرول پمپ کے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا۔ ناندیڑ شہر میں حالیہ دنوں جرائم کی وارداتوں میں اضافہ ہواہے۔ گزشتہ سال مشہور بزنس مین سنجے بیانی کو دن دہاڑے گولیاں مار کر قتل کردیا گیا تھا۔ جس کے بعد ناندیڑ شہر کا نام پورے ریاست میں گونج اُٹھا تھا۔

اس واقعہ کے بعد شہر میں جرائم کی وارداتوں میں کوئی کمی نہیں آئی بلکہ گولی باری، جان لیوا حملہ، مارپیٹ وغیرہ کی وارداتوںمیں اضافہ ہی دیکھنے کو ملا۔ دریں اثناءشہر میں ایک ہوٹل مالک پر خنجر سے حملہ کرنے کی واردات پیش آئی ہے۔ گزشتہ دو دنوں قبل نمسکار چوک میں واقع ہوٹل کے مالک امیر خان دلاور خان (32 سال، ساکن گووند نگر، ناندیڑ)اور ملزم ششی کانت بڈگر، گریش بڈگر، ان دونوں کے ساتھ تنازعہ ہوا تھا۔ جس کے بعد کچھ لوگوں نے دخل اندازی کرکے معاملہ کو رفع دفع کردیا تھا۔

تاہم اس تنازعہ کا غصہ دل میں رکھ کر بڈگر بھائیوں نے سنیچر کی شام امیر خان کی ہوٹل پر جاکر دوبارہ بحث و تکرار شروع کردی۔ اور کچھ دیر کے بعد امیر خان پر خنجر سے حملہ کرنے کی کوشش کی۔ تاہم امیر خان نے اپنی جان بچانے کے لیے قریب ہی موجود پٹرول پمپ کے کیبن میں جائے پناہ لی، لیکن فلمی اسٹائل میں ان کا تعاقب کرتے ہوئے گریش نے وہاں پہنچ کر اُن پر خنجر سے حملہ کردیا اور فرار ہوگیا۔ اس واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ایئرپورٹ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر انیرودھ کاکڑے نے جائے واردات پر پہنچ کر زخمی نوجوان کو اسپتال میں منتقل کیا۔ اس معاملہ میں حملہ میں زخمی ہونے والے نوجوان کی شکایت پر ایئرپورٹ پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا۔ مذکورہ واردات کا سارا منظر پٹرول پمپ کے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید ہوگیا۔ اس واردات کے بعد شہر میں خوف و ہراس پایاجارہا ہے۔