• 425
    Shares

میرٹھ ، 23 جولائی (یو این آئی) اتر پردیش کے میرٹھ میں نماز جمعہ کے دوران مسجد کی دیوار گرنے سے دو افراد ملبے میں دب گئے اور متعدد نمازی زخمی ہوگئے۔پولیس سپرنٹنڈنٹ ونیت بھٹناگر نے یہ اطلاع دی ۔ انہوں نے بتایا کہ لساڑی گیٹ علاقے کے احمد نگر کی گلی نمبر نو گلی میں واقع محمدیہ مسجد میں نماز جمعہ کے بعد شدید بارش کے باعث نماز ی وہیں ٹھہر گئے۔

اسی دوران مسجد کی زیر تعمیر دیوار اچانک گر گئی۔انہوں نے بتایا کہ اس حادثے میں 12 سے زائد افراد ملبے میں دب گئے۔ چیخ سن کر لوگ وہاں جمع ہوگئے اور انہوں نے کسی طرح ملبے میں دبے ہوئے لوگوں کو باہر نکالا۔ اس واقعے میں ، عمران کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ دوسرے نمازی ، قاری عفان نے اسپتال میں دم توڑ دیا۔

پولیس اور فائر بریگیڈ اہلکاروں نے تمام زخمیوں کو اسپتال میں داخل کرایا۔مسٹر بھٹناگر نے بتایا کہ اسپتال میں داخل دو افراد کی حالت تشویشناک ہے ، جبکہ اس حادثے میں زخمی ہونے والے 12 سے زائد افراد کو مختلف اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔

ورق تازہ نیوز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں  https://t.me/waraquetazaonlineاور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔