’نفرت کے بازار میں محبت کی دکان‘، راہل گاندھی نے دانش علی سے کی ملاقات

لوک سبھا میں بی جے پی رکن پارلیمنٹ رمیش بدھوڑی کے ذریعہ انتہائی نازیبا، غیر پارلیمانی اور قابل اعتراض بیان کا سامنا کرنے والے بی ایس پی رکن پارلیمنٹ دانش علی کو اپوزیشن پارٹی لیڈران کی زبردست حمایت مل رہی ہے۔ کانگریس کے سابق صدر اور وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی آج دانش علی کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرنے ان کی رہائش پر پہنچے۔

راہل گاندھی نے دانش علی کے ساتھ ہوئی ملاقات کی 2 تصویریں سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر شیئر کی ہیں۔ ایک تصویر میں دونوں لیڈران گلے ملتے ہوئے نظر آ رہے ہیں، اور دوسری تصویر میں ہاتھ ملا کر اتحاد کا مظاہرہ کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ان تصویروں کے ساتھ راہل گاندھی نے کیپشن لکھا ہے- ’نفرت کے بازار میں محبت کی دکان‘

قابل ذکر ہے کہ رمیش بدھوڑی کے غیر پارلیمانی بیان پر بی جے پی نے انھیں وجہ بتاؤ نوٹس جاری کر 15 دن کے اندر جواب طلب کیا ہے۔ دوسری طرف دانش علی نے لوک سبھا اسپیکر کو خط لکھ کر بدھوڑی کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اس درمیان اپوزیشن لیڈران بھی رمیش بدھوڑی کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ کانگریس لیڈر جئے رام رمیش کا کہنا ہے کہ ’’انھوں نے (رمیش بدھوڑی) دانش علی کو جو کچھ کہا ہے وہ انتہائی قابل مذمت ہے۔

وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے معافی مانگی ہے جو ناکافی ہے۔ ایسی زبان کا استعمال ایوان کے اندر یا باہر نہیں ہونا چاہیے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’وزیر اعظم نریندر مودی کہتے ہیں نئے پارلیمنٹ ہاؤس کی شروعات ’ناری شکتی‘ (قوت نسواں) سے ہوئی ہے، لیکن اس کی شروعات تو رمیش بدھوڑی سے ہوئی ہے۔ یہ رمیش بدھوڑی نہیں بلکہ بی جے پی کی سوچ ہے۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ بدھوڑی کی رکنیت رد کی جائے۔‘‘