پٹنہ 18 اپریل ( یواین آئی ) بہار کے وزیراعلیٰ نتیش کمار نے ریاست میں کورونا کے تیزی سے بڑھ رہے معاملوں پر لاک ڈاﺅن کا اشارہ دیتے ہوئے باہر سے آنے والے لوگوں سے جلد سے جلد لوٹنے کی اپیل کرتے ہوئے آج کہاکہ وبا کی روک تھام کیلئے فی الحال ریاست میں ” رات کا کرفیو“ سرکاری دفاتر میں کام کی مدت کم کرنے ، سبھی مذہبی مقامات کو بند اور سبھی تعلیمی اداروں اور ان کے امتحانات کو 15 مئی تک ملتوی رکھنے کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔

مسٹر کمار نے سنیچر کو کل جماعتی میٹنگ اور آج ضلع مجسٹریٹوں اور پولیس افسران کے ساتھ میٹنگ کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ پورے بہار میں روزانہ رات نوبجے سے صبح پانچ بجے تک نائٹ کرفیو لگانے کا فیصلہ لیا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی سرکاری اور غیر سرکاری دفاتر کو شام پانچ بجے کے بعد ہی بند کرنے ، سبھی دکانوں ، اداروں ، پھل سبزی ، گوشت ۔مچھلی کی دکانوں کو شام چھ بجے کے تک کھلا رکھنے کی اجازت دی گئی ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ ریاست میں سبھی ریسٹورینٹ ، ڈھابا اور ہوٹل میں ٹیک اوے کا آپریشن رات نوبجے تک رہے گا۔ انہوں نے بتایاکہ اسی طرح سبھی مذہبی مقامات کو پہلے 30 اپریل تک بند رکھنے کا فیصلہ لیا گیا تھا ، جسے اب بڑھا کر 15 مئی کر دیا گیا ہے ۔