ناندیڑ:5 مارچ(ورق تازہ نیوز) قدیم شہر کے لئے خوشخبری ہے کہ بہت جلد گاڑی پورہ کی چھوٹی درگاہ سے قریب کالا پُل کی تعمیری کاسنگ بنیاد عمل میں آرہا ہے۔ اس پُل سے حبیب ٹاکیز کارنر تک کافی وسیع عریض سڑک بھی تعمیر ہورہی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے ملی طلاع کے مطابق 12مارچ یا اسکے بعد اس پُل اور سڑک کی تعمیر کاسنگ بنیاد ناندیڑ کے سرپرست ویر اوروزیرتعمیرات عامہ اشوک راو چوہان رکھیںگے ۔ یہ تعمیری کام ناندیڑواگھالہ شہر میونسپل کارپوریشن کے زیرانتظام ہوگا ۔

جس پرتقریبا5کروڑ روپے کے مصاف ہوںگے ۔ یہ پروجیکٹ چند سال قبل منظور کیاگیاتھا لیکن بجٹ کی عدم فراہمی کے باعث اسے عملی جامہ نہیں پہنایاجاسکاتھا ۔معلو م ہوا ہے کہ ٹینڈر کال ہوچکے ہیںتاہم کنٹریکٹر کو ابھی ورک آرڈ جاری نہیں کئے گئے ہیں ۔اس پُل کی تعمیر سے گاڑی پورہ اور کالا پل کے ساکنان کو چوک تا مونڈھا اہم شاہراہ پرپہنچنے کے لئے ایک نیا متبادل راستہ مل جائے گا۔ سردست گاڑی پورہ سے چوک بازار یا محمدعلی روڈ تک پہونچنے کے دو پرانے تنگ راستے ہیں جس پر ہمیشہ تجاوزات کاعمل جاری رہتا ہے اوریہ دونں راستے فرقہ وارانہ فساد کی بنیاد بھی بنتے ہیں ۔ یہ بھی اطلاع ہے کہ زیرقلعہ سے قدیم مونڈھا براہ کالا پُل چھوٹی درگاہ ایک نئی سڑک کی تعمیر کاپروجیکٹ بھی ناندیڑ کارپوریشن کے زیرغور ہے۔اس سڑک کو ناوگھاٹ پل تک جوڑا جائے گا۔