ناندیڑ:13اکتوبر ( ورقِ تازہ نیوز)شہر ناندیڑمیں چوری اور لوٹ مار کی وارداتیں روز کامعمول بن گئی ہیں۔ گھروں اور دوکانوںمیں چوریاں عام ہوگیا ہے۔چوروں کی ہمت اتنی زیادہ بڑھ گئی کہ اب دن کے اجالے میں چوریاں کررہے ہیں ۔
شہر کے چیتنیہ نگر سے متصل نعمانیہ نگر میں بھی آج 13اکتوبرکوصبح آٹھ تا ساڑھے آٹھ بجے ایک اپارٹمنٹ میں موجو د فلیٹ میں چوری کی سنگین واردات رونما ہوئی جس میں چور نے دو لیاب ٹاپ اور ایک ریڈ می کمپنی کاموبائیل فون سمیت 48ہزار روپیوں کاسامان چوری کیا ہے۔
اس بارے میں حبیب خان حمیدخاں نے پولس اسٹیشن ائیرپورٹ میں آج شکایت درج کروائی کہ 13اکتوبرکو صبح آٹھ تا ساڑھے آٹھ بجے انکے مکان واقع نعمانیہ نگر کے شبیبی اپارٹمنٹ کے ایک فلیٹ میں ایک چور داخل ہوا ۔
اس وقت انکی بیوی کھانا بنارہی تھی جبکہ فریادی اپنی کرانہ دوکان پرگئے ہوئے تھے اورایک لڑکا سورہاتھا جبکہ دوسرا لڑکاباتھ روم گیاتھا ۔اسی دوران گھرکادروازہ ڈھکیل کر نامعلوم چورتیسرے منزلہ پرواقع انکے مکان میں اندرداخل ہوا اور ٹیبل پر رکھے دو لیب ٹاپ مالیت 22ہزار اور19 ہزار روپے اور ریڈ می 10Pro کمپنی کاسات ہزار روپے مالیت کا موبائل فون چوری کرلیا ۔
اس واقعہ کے فریادی نے آس پاس کے گھر میں موجود سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی تو اس میں ایک شخص مشتبہ نظر آیاجو پہلے انکے اپارٹمنٹ میں خالی ہاتھ داخل ہوا اور کچھ وقفہ کے بعدایک سفید رنگ کی تھیلی کے ساتھ باہر نکلا ۔ اورامکان ہے کہ اسی تھیلی میں دونوں لیب ٹاپ موجود ہے۔یہ سی سی ٹی وی فوٹیج پولس کے سپرد کردیاگیا ہے۔
ائیرپورٹ پولس نے تعزیرات ہند کی دفعہ 379 کے تحت مقدمہ کااندراج کیا ہے۔ا س معاملے کی تفتیش پولس ہیڈکانسٹیبل قندہارے کررہے ہیں۔ دن دہاڑے چوری کی واردات سے علاقہ کے لوگوں میں خوف وہراس کاماحول ہے۔ایسی اطلاع ہے کہ سابق میں بھی اس علاقہ میں چوری کی وارداتیں رونما ہوچکی ہیں۔