ناندیڑ کے کہنہ مشق شاعر حضرت رحمت اللہ شاہ ترابی کاانتقال

Turabi

ناندیڑ:31۔مئی۔(ورق تازہ نیوز)شہر کے کہنہ مشق شاعر اور مسجد حاجی فخراللہ شاہ قادری کے متولی حضرت سید رحمت اللہ شاہ قادری ترابی ولد حضرت تراب علی شاہ کا آج بروز اتوار 31مئی کو سہ پہرپونے تین بجے نقاہت اورپیرانہ سالی کے باعث 78 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا ۔وہ نعتیہ کلام کے عمدہ شاعر تھے ۔ان کی نعتیں عشقِ رسول میں ڈوبی ہوئی ہوتی تھیں۔ان کے فرزند ارجمند سیدشاہد علی شاہ نے ہمارے نمائندے کوبتایا کہ ان کے والد کوکوئی بیماری نہیں تھی وہ گھر میں ہی بیٹھے ہوئے تھے کہ اچانک اُنکی روح قفسِ عنصری سے پرواز کرگئی ۔ ان کی نماز جنازہ آج ہی بروز اتوار کو31 مئی کو شب ساڑھے دس بجے حاجی فخراللہ شاہ سرائے ‘اتوارہ کی مسجد میں ادا کی گئی اور اسی مسجدسے متصل قبرستان میںتدفین عمل میں آئی ۔مرحوم کے پسماندگان میں تین بیٹیاں ]دو بیٹے اور اہلیہ محترمہ ہیں۔
مرحوم رحمت اللہ شاہ ترابی نے حیدر آباد کے معروف شاعر خورشید احمد جامی کے سامنے زانوے ادب تہہ کیاتھا اپنے کلام پر اُن سے اصلاح لیاکرتے تھے ۔ ایک زمانہ تھا کہ رحمت ترابی ملک کے تقریبا سبھی معیاری اردو رسائل اور اخبارات میںچھپاکرتے تھے انھیں آل انڈیا مشاعروں میں بڑے ادب کے ساتھ مدعو کیاجاتاتھا ۔انھوں نے نعتیہ کلام کے علاوہ غزلیں اور نظمیں بھی لکھیں۔ اس طرح انھوں نے ایک منجھے ہوئے شاعر کی حیثیت سے بڑی مقبولیت حاصل کی تھی ۔ ناندیڑاوربیرون ناندیڑ اُن کے کئی شاگرد ہیں۔ناندیڑ کے فیروز رشید اور شمیم ہاشم کااُن کے شاگردوں میںشمارہوتا ہے ۔ رحمت ترابی نہایت سادہ زندگی گزارتے تھے ۔ شریف النفس ‘ہم سخن ‘راست گو‘ اور راسخ العقیدہ وضعدارمسلمان تھے۔ادارہ ”’ورق تازہ“ مرحوم کے خاندان کے غم میںبرابرکاشریک ہے ۔ پرور دگارِ عالم سے دعا ہے کہ وہ مرحوم کو کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے اورلواحقین کوصبرجمیل دے ۔مزید تفصیلات کے لئے اُن کے فرزند سید شاہد علی شاہ کے موبائل نمبر 9970843672 پر ربط قائم کریں۔