افتتاح سے قبل ہی مرمت کیلئے فنڈدستیاب کاعجب کاروبار
ناندیڑ:19اکتوبر(ورقِ تازہ نیوز)شہرکے اردو گھر کی مرمت کیلئے 38لاکھ روپیوں کابجٹ منظور کیاگیا ہے ۔قدیم شہر کے مدینہ نگر کے علاقہ میں مدینتہ العلوم ہائی اسکول کے روبرو میونسپل کارپوریشن کی اراضی پر 8کروڑ16لاکھ روپیوںکی مالیت سے مہاراشٹر کے پہلے اردوگھر کی تعمیر عمل میں آئی ۔ لیکن آج تک اسکا افتتاح عمل میں نہیں آسکا ہے۔ سیاسی تعطل کے باعث شہریان آج بھی اردوگھر سے استفادہ سے محروم ہے ۔جس کے نتیجہ میں اردوگھر کی دیکھ بھال ٹھیک طرح سے نہیں ہوسکی اوریہاںپر چوری و آگ زنی کی واردات بھی رونما ہوئی ۔ جسکے بعد میونسپل کاررپوریشن اور ضلع انتظامیہ نے مشترکہ طور پراردوگھر کی حفاظت کی ذمہ داری لی۔ لیکن اردو گھر کو ہوئے نقصان اور اسکی مرمت کیلئے ضلع کلکٹر اور ایگزیکٹیوانجینئر نے حکومت سے فنڈکامطالبہ کیا تھا ۔جس کے بعد وزارت اقلیتی بہبود کی جانب سے اردو گھر کی مرت اورزائد کاموں کیلئے 38لاکھ 47ہزار706 روپے منظور کئے ۔اس فنڈ سے تعمیرات کے لئے 3لاکھ68 ہزار‘فرنیچرکے لئے پانچ لاکھ90ہزار اوربجلی کیلئے 5لاکھ روپے منظور کئے گئے ہیں ۔ اسکے علاوہ دیگر زائد کاموں جیسے بلڈئنگ کے عقب میں فیور بلیک کی تنصیب ‘حفاظتی دیوار پر فینسنگ وغیرہ کے لئے 18لاکھ42ہزار روپے بھی منظور کئے گئے ہیں ۔ دیگر معمولی اخراجات کے لئے 58ہزار روپے حکومت نے دئےے ہیں ۔اس طرح کُل 38لاکھ روپے منظور کئے گئے ہیں ۔ واضح رہے کہ اردو گھر کی تعمیر ہوئے کافی عرصہ گزرچکا ہے لیکن ابھی تک افتتاح عمل میں نہیں آیا ہے۔شہریان بالخصوص اردو داں طبقہ کا مطالبہ ہے کہ اردو گھر کا جلد از افتتاح عمل میں لایاجائے اور ادبی و ثقافتی پروگراموں سے اردوداں طبقہ استفادہ حاصل کرسکے ۔