ناندیڑ کے اتوارہ پولس اسٹیشن میں راجا سنگھ کے خلاف کیس درج

359

ناندیڑ۔ ۴۲ اگست ( نامہ نگار ):حیدر آباد کے گوشہ محل اسمبلی حلقہ کے ایم ایل اے راجا سنگھ نے پیغمبر اسلام ﷺ کی شان میں دو دن قبل گستاخی کرتے ہوئے ایک ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر اپلوڈ کیا تھا۔ ملعون راجا سنگھ کی اس حرکت سے ساری دنیا کے مسلمانوں میں سخت ناراضگی کا ماحول اس کے خلاف پیدا ہو چکا ہے۔ حیدر آباد شہر میں گذشتہ کل اس پر ایک ایف آئی آر درج ہوئی تھی پولس نے گرفتار کرکے اسے عدالت میں پیش کیا تھا مگر جج نے رہا کرنے کا حکم دے دیا جس سے مسلمانوں میں مزید غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی تھی ۔

ناندیڑ میں بھی راجا سنگھ کے تعلق سے مسلمانوں میں غم و غصہ کا اظہار کیا جارہا ہے۔ اسی بات کو لے کر کانگریس پارٹی کے تمام مسلم کارپوریٹرس نے آج ناندیڑ کے پولس آئی جی ، ضلع ایس پی ، ڈپٹی کلکٹر سے ملاقات کر کے انہیں میمورنڈم پیش کیا اور اپنی شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اس گستاخ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اس وفد میں ڈپٹی میئر عبدالغفار، سابق ڈپٹی میئر مسعود احمد خان، فاروق علی خان، کارپوریٹر سید شیر علی، منتجب الدین، چاند پاشاہ قریشی، عبدالرشید، جاوید چاﺅش، فاروق بدویل ، ایڈوکیٹ سید واجد، واجد جاگیردار، عبدالحفیظ باغبان، بابو بھائی کھوکھے والے، عبدالفہیم، سید شعیب حسین، عبدالطیف ، محمد ناصر، سابق کارپوریٹر رحیم احمد خان، عبدالعزیز قریشی، عبدالرحیم بھائی ، منا بھائی کھوکھے والے و دیگر موجود تھے۔

شام کے وقت کانگریس کے مسلم کارپوریٹرس اتوارہ پولس اسٹیشن پہنچے۔ کانگریس کمیٹی اقلیتی شعبہ کے ضلع صدر و کارپوریٹر شمیم عبداللہ کی شکایت پر اتوارہ پولس اسٹیشن میں ملعون راجا سنگھ کے خلاف مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ اس طرح سے آج مسلم کارپوریٹرس نے متحد ہو کر انتظامیہ سے نمائندگی کی اور ملعون راجا سنگھ کے خلاف بھی ناندیڑ میں کیس درج کرایا ہے۔