24 جون تک اعتراض داخل کرنے کی مہلت‘کارپوریٹرس کی تعداد92ہوگی
ناندیڑ: 13جون ( ورقِ تازہ نیوز) ناندیڑ واگھالہ شہر میونسپل کارپوریشن کی مدت ختم کو صرف چند مہینے ہی باقی رہ گئے ہیں۔ پیر 13 جون کو اسٹیٹ الیکشن کمیشن کی ہدایت کے مطابق میونسپل کارپوریشن کے زون کی تشکیل کا ڈرافٹ مسودہ تیار کردیا گیا ہے۔ جاری کیے گئے ڈرافٹ مسودے پر 24جون تک اعتراض درج کیے جائیں گے۔ واضح رہے کہ ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کی مدت اکتوبر مہینہ میں ختم ہورہی ہے۔ اس لیے اسٹیٹ الیکشن کمیشن کی جانب سے انتخابی سرگرمیاں شروع ہوگئی ہیں۔ اس ضمن میں ابتداءمیں میونسپل کارپوریشن نے زون کی تشکیل کا خاکہ تیار کیا تھا۔ تاہم اسٹیٹ الیکشن کمیشن نے اسے قبول نہ کرتے ہوئے راست طور پر گوگل میپ کے ذریعے میونسپل کارپوریشن کے نئے زون کا خاکہ تیار کیا ہے۔

قبل ازیں میونسپل کارپوریشن میں 81 اراکین کی تعداد تھی۔ تاہم آئندہ انتخابات میں 11 اراکین کا اضافہ ہوگا۔ اس طرح جملہ 92 اراکین ہوں گے۔ جن میں 46 خواتین اراکین رہیں گی۔ جبکہ 17 نشستیں ایس سی زمرہ کے لیے، ایس ٹی زمرے کے لیے 2 اور بقیہ نشستیں دیگر زمرے کے لیے مختص ہوں گی۔ اکتوبر 2022ءمیں ہونے والے میونسپل کارپوریشن کے انتخابات میں تین رکنی زون رہیں گے جبکہ صرف ایک زون میں ہی دو رکن منتخب ہوں گے۔ میونسپل کارپوریشن نے تیار کیا ہوا زون کا نقشہ الیکشن کمیشن نے قبول نہ کرتے ہوئے راست طور پر گوگل میپ پر میونسپل کارپوریشن کے زون کا نقشہ تیار کیا ہے۔ میونسپل کارپوریشن کی مدت ختم ہونے کو صرف 139 دن ہی باقی رہ گئے ہیں۔ ان میں 46 سرکاری تعطیل، 45 دنوں کا ضابطہ اخلاق قانون کا نفاذ، اس طرح کام کاج کے لیے صرف 48 دن ہی دستیاب رہیں گے۔ الیکشن کمیشن کی دی گئی ہدایت کے مطابق میونسپل کارپوریشن نے پیر 13 جون کو زون کی تشکیل کا ڈرافٹ مسودہ جاری کیا ہے۔ ا س مسودے پر 24 جون تک اعتراض قبول کیے جائیں گے۔