ناندیڑ: ڈکیتی کی منصوبہ بندی‘شہر میں دومقامات پر چھاپے ‘ کئی نوجوان گرفتار

ناندیڑ: 28اپریل ( ورق تازہ نیوز)شہر میں دو مقامات پر ڈکیتی کی منصوبہ بندی کررہے لٹیروں کوپولس نے چھاپہ مارکر گرفتار کرلیا ہے ۔انکی تحویل سے ڈکیتی میںاستعمال ساز و سامان بھی ضبط کیاگیا ۔ شیواجی نگر پولس اسٹیشن ذرائع کے بموجب 27اپریل کواطلاع ملی کہ کچھ افراد ڈکیتی کی تیاری کررہے ہیں۔اس کے بعد کرائم برانچ دستہ کے اے پی آئی کریم خان ‘ پولس ملازمین بالاجی تیلنگ ‘ شیخ ابراہیم ‘ موہن ہاکے‘شیلراج ڈھوڑے ‘ شیواجی سنپ ‘ شیخ درانی نے لال واڑی انڈربریج کے پاس چھپ کر بیٹھے شیخ اسماعیل شیخ غلام حسین 35سال ساکن دلہے شاہ رحمن نگر کھڑکپورہ‘ ڈھونڈیبا بالاجی سوریہ ونشی 24سال ساکن راجیش نگر تروڑا ناکہ‘ راشٹرپال عرف چھٹکایا عمر 24سال ساکن امبیڈکرنگر ناندیڑ ‘ شیخ مبشیر شیخ امیر عمر 19 سال ساکن نئی آبادی ناندیڑ اور آکاش عرف بلیا سکھارام کامڑے 19سال جئے بھیم نگر ناندیڑ کو گرفتار کیاگیا ۔

انکی تحویل سے ڈکیتی میں استعمال سا ز و سامان بھی ضبط کیاگیا ۔شیواجی نگر پولس نے پانچوں افراد کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 399 ‘402اور4/25 آرمس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کردیا ۔ شہر مںدوسری کاروائی ائیرپورٹ پولس نے انجام دی اور رات دیر گئے محبوب نگر نئے بائے پاس تا دیگلورناکہ کے پاس ڈکیتی کی تیاری کررہے کچھ لٹیروں کو گرفتار کیا ۔ پولس ذرائع کے بموجب 26اپریل کو رات تین بجکر 35 منٹ پر محبوب نگر ‘نیو بائے پاس تا دیگلورناکہ کے درمیان کچھ افراد چہرے پر رومال باندھے اندھیرے میں بیٹھے ہوئے تھے جو لوٹ مار کیلئے تیار تھے ۔ لوکل کرائم برانچ کو جیسے ہی اطلاع ملی پی ایس آئی وینائیک نامدیو شیڑکے کی رہنمائی میں ایک ٹیم نے اسی وقت لٹیروں کو رنگے ہاتھوں پکڑکر انکی تحویل سے ڈکیتی میں استعمال مختلف سامان ضبط کرلیاگیا ۔ائیرپورٹ پولس نے اس معاملے میں ڈکیتوں کے خلاف تعزیرات ہند کی دفعہ 399 ‘402 کے تحت مقدمہ درج کردیا۔ پی ایس آئی نائیک مزید تحقیقات کررہے ہیں۔