ناندیڑ: پولیس کی مشتبہ اسکار پیو پر فائرنگ،الیاس قریشی گرفتار
ناندیڑ:18/فروری۔ (ورق تازہ نیوز )متعدد کوششوں کے باوجود ایک مشکوک اسکارپیو کار نہ رکی تو رام تیرتھ پولیس نے اس اسکارپیو کار پر گولی چلا دی۔ٹرک، جیپ کی رکاوٹ کھڑی کرنے کے باوجود موٹرسائیکل کوٹکردے کر یہ کار پولیس کو چکمہ دے رہی تھی۔ آخر کار نرسی کے قریب یہ کار پولیس کے ہاتھ لگ گئی۔پولیس نے ایک شخص کو گرفتار کر لیا ہے اور خیال کیا جا رہا ہے کہ کچھ لوگ مفرور ہیں۔
پولیس ذرائع سے ملی تفصیلات کے مطابق رام تیرتھ پولیس اسٹیشن کے اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر سنکیت دگھے جمعرات کی شب پیٹرولنگ پر تھے کہ بلولی روڈ پر نرسی کے سرکاری ریسٹ ہاوس کے سامنے MH04 BQ 2479پاسنگ کی اسکارپیو گاڑی کھڑی نظرآئی۔ اس پر انہوں نے گاڑی کو ایک سائیڈ لینے کیلئے کہا ۔مذکورہ گاڑی کا ڈرائیور گاڑی سائیڈ میں لینے کے بجائے تیز رفتاری سے بلولی کی طرف فرار ہوگیا۔گاڑی سائیڈ میں لینے کے بجائے راہ فرار اختیار کرنے پر پولیس کو شک ہوا اور سنکیت دگھے نے اسکارپیوکاتعاقب کیا لیکن وہ ان کے ہاتھ نہیں لگی اس پر انہوں نے بلولی پولیس کو اس کی اطلاع دی ۔بلولی پولس نے اسکارپیو کو بلولی میں روکنے کی کوشش کی، لیکن اسکارپیو نے یہاں بھی پولیس کو چمکادیا اور کنڈل واڑی کی طرف بھاگ گئی۔کنڈلواڑی پولیس نے اسکارپیو کوروکنے کیلئے سڑک پر ٹرک کھڑا کردیا ۔
اس کے باوجود تیزرفتار اسکارپیو ڈرائیور نے اسی تیز رفتاری سے گاڑی کو واپس موڑکر بلولی کی طرف چلاگیا۔ کنڈل واڑی -بلولی روڈ پر بلولی پولیس نے 112نمبر کی موٹرسائیکل روڈ پرلگاکر اسکارپیو کو روکنے کی کوشش کی ، تیزرفتار اسکارپیونے اس موٹرسائیکل کو ٹکرمارکر نرسی کی طرف چل پڑی۔ اس پر رام تیرتھ پولیس اسٹیشن کے اسسٹنٹ پی آئی سنکیت دگھے نے اسکار پیو کوروکنے کیلئے اس کے ٹائر پر گولی چلائی لیکن یہ گولی ٹائر پر نہیں لگی۔ تیز رفتار اسکارپیو نرسی کی طرف آنے کی اطلاع ملنے پر رام تیرتھ پولیس نے نرسی چوک پر ناکہ بندی کی۔ لیکن مذکورہ اسکارپیو نرسی کے پاس آئے بغیر بلولی نرسی روڈ پر واقع تلنی گاؤں میں داخل ہوگئی اوریہاں ایک گڑھے میں اسکارپیو جا پھنسی۔
ا س کے ساتھ اسکارپیو میں موجود افراد گاڑی چھوڑ کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے ان کا تعاقب کیا اور ایک شخص کوگرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی جبکہ دیگر افراد اندھیرے کا فائدہ اٹھاکر فرار ہونے میں کامیاب رہے۔ گرفتار کئے گئے الیاس قریشی بابو قریشی ساکن بازار پیٹھ ضلع ٹھانے سے پوچھ گچھ کی تب اس نے بتایا کہ یہ اسکارپیو ناندیڑ کے سہیل پٹیل کی ہے جبکہ (1) فیروز جبرا ساکن بھیونڈی ضلع ٹھانے (2) قیوم بھٹی علی ساکن ممبرا ضلع ٹھانے(3) اعجاز قریشی ساکن بھیونڈی ضلع ٹھانے(4) طاہر ہر قریشی ساکن ناندیڑ اورایک شخص جس کانام معلوم نہیں نے ہمیں مویشی چوری کرنے کیلئے کہاتھا اور ان کے کہنے پر ڈرائیور اعجاز قریشی بھیونڈی گاڑی چلارہاتھا۔پولیس نے جب اسکارپیو کی تلاشی لی تب اس میں سے رسی، لوہے پائپ، لوہے کی تلوار ودیگر اشیاء ملیں۔ اس سلسلے میں بلولی پولیس اسٹیشن میں تعزیرات ہند کی مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیاگیاہے۔