ناندیڑ: ٹکٹ کے معاملے پر کانگریس پارٹی کے خواہشمند مسلم اُمیدواروں اور کارپوریٹرس کا اہم بیان
ناندیڑ۔3اکتوبر(ورق تازہ نیوز) : ناندیڑ جنوب اسمبلی حلقہ میں مذہب کے نام پر ووٹوں کی تقسیم کرواکر فرقہ پرست پارٹیاں منصوبہ بند تیاریاں کررہی ہیں۔ اس لئے ناندیڑ جنوب حلقہ میں کانگریس پارٹی کے اعلیٰ قائدین اُمیدوار کے متعلق بہتر فیصلہ کرتے ہوئے امیدوار طے کریں۔ تمام مسلم خواہشمند امیدوار اور مسلم کارپوریٹرس اُس امیدوار کو کامیاب کروانے میں کوئی کثر باقی نہیں رکھیں گے۔
اس طرح کا پریس نوٹ کانگریس پارٹی کے مسلم خواہشمند امیدوار اور کار پوریٹرس کی جانب سے جاری کیا گیا۔ اس پریس نوٹ میں بتایا گیا کہ پچھلے کچھ سال سے ناندیڑ میں مذہب کے نام پر ووٹوں کی تقسیم کی منصوبہ بندی جاری ہے۔ اسی سازش کے تحت مختلف مذہبوں میں اختلافات پیدا کرنے کی کوششیں کی جاتی ہیں ساتھ ہی مذہبوں کے قائدین کے درمیان ایک دوسرے کے متعلق عدم اعتماد اور شک کا ماحول پیدا کرکے اُس کا سیاسی فائدہ اٹھانے کی سازش کی جاتی ہے۔
اس طرح کی اوچھی حرکتیں فرقہ پرست پارٹیوں کو وقتی طور پر فائدہ تو پہنچا سکتی ہے مگر اس سے ناندیڑ کا سیاسی اور سماجی ماحول پر امن برقرار رہنا ممکن نہیں۔ اُن طاقتوں کو امن و امان کی کوئی فکر لاحق نہیں ےہ بات انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔ ناندیڑ جنوب حلقہ میں اسی طرز پر نچلی سطح کی سیاست کی کوشش بار بار کی گئی۔ اقلیتی سماج کے خلاف دیگر سماج کا سیاسی تنازعہ پیدا کرکے ووٹوں کی تقسیم کی گئی۔ اقلیتی سماج کو مسائل کا شکار بنا کر اُن کے ووٹوں کی تقسیم کرکے فرقہ پرست پارٹیاں اپنا سیاسی فائدہ سابق میں حاصل کرچکی ہےں۔ پچھلے اسمبلی چناﺅ میں بھی کانگریس پارٹی کی شکست کی اہم وجہ اس حلقہ میں ےہ تمام باتیں رہیں۔ اس بار اسمبلی چناﺅ کے لئے ناندیڑ جنوب حلقہ سے کئی کانگریسی قائدین نے امیدواری مانگی تھی۔ اقلیتی سماج سے تعلق رکھنے والے ہمارے جیسے عہدیداران اور ورکرس بھی اس میں شامل تھے۔ امیدوار طے کرنے کا فیصلہ ہائی کمان کی جانب سے لیا جاتا ہے۔ مگر اس سے قبل ہی ہم اقلیتی طبقہ کے خواہشمند امیدوار انتہائی سوچ و فکر کے بعد اپنے دعویٰ سے دستبردار ہورہے ہیں۔
پچھلے چناﺅ کی طرح فرقہ پرست پارٹیوں کی سازش کو اس بار کامیاب نہیں ہونے دینا ہے۔ اسی کے لئے ایک اہم قدم اٹھایا جارہا ہے۔ جنوب حلقہ سے ہائی کمان کانگریس کا جو بھی امیدوار نامزد کرئے گی اُسے کامیاب بنانے کے لئے ہم تمام لوگ اپنے سماج کو ساتھ لے کر محنت کریں گے اور کانگریس کے امیدوار کو کامیاب بنوائیں گے۔ ملک کے موجودہ حالات میں فرقہ پرستوں سے مقابلہ کرنے کی طاقت اور پالیسی صرف کانگریس کے پاس موجود ہ ہے۔ اس بار اسمبلی چناﺅ میں امیدواری کے معاملہ کو لے کر اقلیتی طبقہ کسی بھی قسم کی کوئی افواہ کا شکار نہ ہو اور نہ ہی کسی جھوٹے پروپگنڈے میں نہ آئے۔
کانگریس پارٹی کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرنے کی اپیل اس پریس نوٹ میں کی گئی ہے۔ اس پریس نوٹ میں خواہشمند امیدوار ایڈوکیٹ عبدالرحمٰن صدیقی‘ شمیم عبداللہ‘ صابر چاﺅش ‘ مسعود احمد خان‘ ڈاکٹر عرشیہ کوثر‘ سلام چاول والا‘ قاضی مشتاق‘ کے علاوہ جنوب حلقہ کے کارپوریٹرس عبداللطیف‘ محمد ناصر‘ عبدالحفیظ باغبان‘ عبدالفہیم‘ سید شعیب‘ فاروق بدویل‘ واجد جاگیردار‘ چاند پاشاہ قریشی‘ عائشہ بیگم اسلم کھوکے والے‘ سید صدام سید حبیب‘ کے نام اور دستخط موجود ہیں۔