ناندیڑ: وشنوپوری کے چار دروازے کھولے گئے ٗ مزید دو دن بارش

ناندیڑ: 11؍ستمبر ( ورقِ تازہ نیوز) ضلع میں طویل وقفہ کے بعد ایک بار پھر زوردار بارش کا سلسلہ گزشتہ چار دنوں سے شروع ہوگیا ہے۔ جس کی وجہہ سے مردہ فصلوں میں جان آگئی ہے۔ جبکہ زور دار بارش کے باعث کچھ علاقوں کے مکینوں میں پانی داخل ہوگیا۔ علاوہ ازیں ناندیڑ شہر کو پانی سربراہی کرنے والے وشنوپوری پروجیکٹ میں کافی مقدار میں پانی جمع ہونے پر اس کے دو دروزے اور لمبوٹی کے دو دروازے کھول دئے گئے۔ جس سے پانی کا اخراج ہورہا ہے۔

اگست مہینہ کے دوسرے ہفتہ سے ضلع میں بارش کا سلسلہ تھم گیا تھا۔ تقریباً 20 دنوں تک بارش نہیں ہوئی۔ جس کی وجہہ سے کھیتو ں میں فصلیں بے جان ہوگئی تھی۔ جس کی وجہہ سے کسان زوردار بارش ہونے کا انتظار کررہے تھے۔دریں اثناء گزشتہ چار دنوں سے دوبارہ بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ جمعرات 8 ستمبر کی صبح سے ضلع کے کئی مقامات پر زوردار بارش ہوئی۔ اس کے بعد مسلسل تین دن یعنی اتوار کی دوپہر تک زوردار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ کبھی دھوپ تو کبھی چھائوں بھی دکھائی دی۔ زوردار بارش کی وجہہ سے مردہ فصلوں میں جان آگئی ہے اور دوبارہ فصلیں لہرانے لگی ہیں اور کسان کے چہرے پر خوشی و مسرت کے آثار دکھائی دینے لگے۔ اس درمیان بھوکر تعلقہ کی ایک خاتون پر بجلی گرنے سے اس کی موت واقع ہوگئی۔ دیہی علاقوں میں بھی بارش کا کافی اثر دیکھنے کو ملا۔ ماہور، کنوٹ، حدگائوں، حمایت نگر، بھوکر علاقہ میں کافی زوردار بارش ہوئی۔

اس بارش کی وجہہ سے کئی مقامات پر سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ ضلع میں اتوار کی صبح سے ہونے والی زور دار بارش نے دوپہر کے بعد کچھ دیر توقف کیا، تاہم کچھ دیر کے بعد رِم جھم بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ دن بھر آسمان پر بادل چھائے رہے۔ مزید دو دنوں تک موسلادھار بارش ہونے کی پیش قیاسی محکمہ موسمیات نے کی ہے۔ گزشتہ دو مہینوں سے ہونے والی زوردار بارش کی وجہہ سے ضلع کے کئی اہم پانی کے پروجیکٹ، تالاب، بندھارے، ندی، نالے لبالب بھر گئے تھے۔ بعد ازاں تقریباً 20 دن بارش کے توقف کے بعد زور دار بارش کا سلسلہ شروع ہوا ۔ جس کی وجہہ سے کسان ایک بار پھر فکر مند دکھائی دے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں زور دار بارش کے باعث شہر کے کئی اہم پانی کے پروجیکٹ لبالب بھر چکے ہیں۔ ناندیڑ شہر کو پانی سربراہ کرنے والے وشنوپوری پروجیکٹ میں بھی کافی مقدار میں پانی جمع ہوجانے کے بعد آج اتوار کی صبح چار دروازے کھول دیئے گئے۔ سنیچر کی صبح تین دروازے کھولے گئے تھے۔جبکہ اتوار کی وشنوپوری پروجیکٹ کا چوتھا دروازہ کھولا گیا۔ ان چار دروازوں سے تقریباً 55 ہزار 796 کیوسیک پانی کا اخراج ہورہا ہے۔ جبکہ لمبوٹی ڈیم کے بھی دو دروازے کھول دیئے گئے، جن سے 668 کیوسیس پانی کا اخراج ہورہا ہے۔ پانی کا اخراج ندی کے کنارے ہونے پر ندی کے ساحلی علاقوں میں آباد افراد کو چوکس رہنے کا اشارہ انتظامیہ کی جانب سے دیا گیا ہے۔