ناندیڑ میں مسلم ریزرویشن بحالی کیلئے بعدنمازجمعہ احتجاجی دھرنا

0 37

ناندیڑ:22؍نومبر(ورقِ تازہ نیوز) مسلمانوں کی سماجی، اقتصادی اور تعلیمی پسماندگی کی بناء پر مسلم ریزرویشن کی بحال کے لئے جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی جانب سے 23؍نومبر کو بعد نماز جمعہ ریاست گیر پیمانے پر دھرناآندولن کیا جارہا ہے۔ اس ضمن میں جمعیت علماء شہر ناندیڑ نے ایک پریس نوٹ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ جمعیۃ علماء مہاراشٹر غیر سیاسی طور پر تمام ملی سماجی تنظیموں کو ساتھ لیکر گزشتہ کئی سالوں سے مسلم ریزرویشن کے لئے تحریک چلارہی ہے۔ آج مسلمان ہر شعبہ زندگی میں نہ صرف پچھڑے ہیں بلکہ دلتوں سے بھی زیادہ پسماندگی کا شکار ہیں۔ مسلمانوں کی پسماندگی کو دور کرنے کے لئے ریزرویشن بحال کرنا انتہائی ناگزیر ہے اور اس راہ میں جو بھی آئینی اور دوسری رکاوٹیں ہیں ان کو دور کرنے کے لئے موثر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ عدالت نے بھی تعلیمی میدان میں مسلمانوں کی پسماندگی کو تسلیم کرتے ہوئے ریزرویشن کی منظوری دی ہے اس کے باوجود موجودہ حکومت کی جانب سے مسلم ریزرویشن کے بارے میں قانونی پیچیدگیوں کا حوالہ دیکر ٹال مٹول کی جارہی ہے جو مسلمانوں کے ساتھ کھلی ہوئی ناانصافی ہے۔ اس ناانصافی کے خلاف جمعیۃ علماء شہر ناندیڑ کی جانب سے 23؍نومبر کو بعد نمازِ جمعہ ضلع کلکٹریٹ کے روبرو احتجاجی دھرنا آندولن کیا جائے گا اور ضلع کلکٹر کے معرفت ایک میمورنڈم کے ذریعہ حکومت سے مطالبہ کیا جائے گا کہ مسلمانوں کو ملا ہوا پانچ فیصد ریزرویشن فوری طور پر بحال کیا جائے، ان کی آبادی کے تناسب سے ہر شعبہ میں نمائندگی دی جائے۔ ضلع صدر جمعیت علماء ناندیڑ قاری اسعد صمدی و شہر صدر مولانا سید آصف ندوی نے عامۃ المسلمین ، ملی و سماجی تنظیموں کے ذمہ داران سے اپیل کی ہے کہ وہ اس احتجاجی دھرنے میں کثیر تعداد میں شرکت فرماکر بیداری کا ثبوت دیتے ہوئے دھرنے کا کامیاب بنائیں۔