ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے قیام کو 25 سال مکمل‘29، 30 اپریل اور یکم مئی کو مختلف پروگراموں کا انعقاد

0 24

ناندیڑ:16اپریل ( ورقِ تازہ نیوز) ناندیڑ واگھالہ شہر میونسپل کارپوریشن کے قیام کو 25 سال مکمل ہونے پر سلور جوبلی پروگرام2022- کا انعقاد کرنے کی اطلاع ڈپٹی میئر جئے شری پاﺅڑے نے دی ہے۔ اس پروگرام میں جیون گورو ایوارڈ، چل ہوا آنے دے جیسے مزاحیہ پروگرام، ہندی مزاحیہ مشاعرہ اور آدرش شندے کے بھیم گیت کے پروگرام کا انعقاد عمل میں آئے گا۔ اس پروگرام میں ڈاکٹر شنکر راﺅ چوہان کے نام سے پدم شری ڈاکٹر رمن گنگاکھیڑکر کو ” لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ“ سے نوازا جائے گا۔ ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے منعقد کی گئی پریس کانفرنس میں میئر جئے شری پاﺅڑے، ایم ایل اے امرناتھ راجورکر، ایم ایل اے موہن ہمبرڈے، سابق وزیر ڈی پی ساونت، ہاﺅس لیڈر ایڈوکیٹ مہیش کنک دنڈے، ڈپٹی میئر عبدالغفار، چیئرمین کشور سوامی، ایڈیشنل کمشنر بابا صاحب منوہرے، ایڈیشنل کمشنر گریش کدم، ڈپٹی کمشنر پنجاب راﺅ کھانسوڑے، آنند چوہان وغیرہ موجود تھے۔

واضح رہے کہ ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کا قیام 26 مارچ 1997ءکو عمل میں آیا تھا۔ میونسپل کارپوریشن کے قیام کو 25 سال مکمل ہونے پر وزیر رابطہ مسٹر اشوک راﺅ چوہان کی ایماءپر سلور جشن 2022 منائے جانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ان میں مراٹھواڑہ علاقہ میں آرٹ، کھیل، ہیلت، انتظامیہ، سماجی خدمت، سیاست، ادب، صحافت، سنگیت، صنعت وغیرہ شعبہ سے ” لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ“ کے لیے ایک شخص کو منتخب کیا گیا تھا۔ جن میں پدم شری ڈاکٹر رمن گنگاکھیڑکر کا انتخاب کیا گیا۔ انہوں نے کورونا وباءکے دوران انجام دی گئی خدمات کے باعث اپنا نام دُنیا بھر میں روشن کیا تھا۔ اُنہیں مذکورہ ایوارڈ کے ہمراہ ایک لاکھ روپئے کا چیک اور ٹروفی سے نوازا جائے گا۔ یہ پروگرام کسم سبھا میں 29اپریل کی صبح دس بجے منعقد کیا جائے گا۔ 29اپریل کی شام 6 بجے یشونت کالج کے میدان پر ” چل ہوا آنے دے“ یہ مزاحیہ پروگرام منعقد ہوگا۔ جس میں بھاﺅ کدم، کُشل، بدریکے، شریا بگڑے، بھارت گنیش پورے، ساگر کرنڈے کو مدعو کیا گیا ہے۔ اسی طرح 30اپریل کی شام 6 بجے یشونت کالج کے میدان پر ہندی مزاحیہ مشاعرہ منعقد کیا جائے گا۔ جس میں شاعرہ ثبینہ، سمپت سراڑ، گھن شیام اگروال، کرن جوشی، رس بہاری شرکت کریں گے۔ یکم مئی 2022ءکی شام 6 بجے آدرش شندے بھیم گیتوں کو پیش کریں گے ۔

آدرش شندے جیسی معروف شخصیت کی آمد پر بڑ ے پیمانے پر ہجوم کے پیش نظر اُن کا پروگرام کہاں منعقد کیا جائے گا اس اعلان عنقریب کیا جائے گا۔ سلور جوبلی پروگرام 2022- میں مراٹھی ادبی کنونشن، مشاعرہ اور گھن کچرا مینجمنٹ جیسے پروگرام بھی منعقد کیے جائیں گے۔ ان پروگراموں کی لاگت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کے لیے 90 لاکھ روپئے کا فنڈ متوقع ہے۔ اس کے لیے اسمبلی و قانون ساز کونسل کے مختلف اراکین سے دس دس لاکھ روپئے فنڈ لیا جارہا ہے۔ جن میں ایم ایل اے موہن ہمبرڈے، ایم ایل اے بالاجی کلیانکر، ایم ایل اے مادھو راﺅ پاٹل جوڑگاﺅنکر، ایم ایل اے وکرم کالے و دیگر نے فنڈ دینے کے لیے حامی بھری ہے۔ عوام سے سلور جوبلی پروگرام 2022- کے ضمن میں منعقدہ پروگراموں میں شرکت کرکے ناندیڑ کی ثقافت سے آگہی حاصل کرنے اور مشہور و معروف فنکاروں کی جانب سے پیش کیے جارہے پروگراموں سے لطف اندوز ہونے کی اپیل میئر جئے شری پاﺅڑے ، ایم ایل سی امرناتھ راجورکر، ایم ایل اے موہن ہمبرڈے نے کی ہے۔