ناندیڑ: قتل معاملہ میں لوکل کرائم برانچ نے تلنگانہ سے قاتل کو گرفتار کیا

489

ناندیڑ:20نومبر ( ورقِ تازہ نیوز) چند دنوں قبل سگرولی کے جنگل میں ایک نامعلوم شخص کے قتل کی واردات پیش آئی تھی۔ اس قتل کے ملزم کو لوکل کرائم برانچ نے تلنگانہ سے حراست میں لیا ہے۔ تفتیش کے دوران پتہ چلا کہ مقتول کا تعلق بھی تلنگانہ ریاست سے ہے۔ اس منفرد کارروائی پر ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نثار تامبولی ، پولیس سپرنٹنڈنٹ شری کرشن کوکاٹے نے ایل سی بی ٹیم کی ستائش کی۔

تفصیلات کے مطابق بلولی پولیس اسٹیشن کے حدود میں سگرولی کے انوسیا نگر کے قریب ایک جنگل میں 8 نومبر کو ایک شخص کی ادھ جلی نعش دستیاب ہوئی تھی۔ جس کے بعد اس علاقہ میں سنسنی پھیل گئی تھی۔قاتل و مقتول نامعلوم ہونے کی وجہہ سے یہ معاملہ پولیس کے لیے ایک چیلنج بن گیا تھا۔ پولیس نے اس سلسلے میں سی سی فوٹیج کا مشاہدہ کیا۔ جس ٹووہیلر گاڑی پر دو افراد بیٹھ کر آئے تھے اس گاڑی کا صرف AP نمبر دکھائی دے رہا تھا۔ جس پر پولیس نے اندازہ لگایا کہ یہ گاڑی تلنگانہ ریاست کی ہے۔ بلولی پولیس اسٹیشن کے قریب لنگانہ ریاست کی سرحد پر پولیس سے رابطہ کرکے یہ معلوم کیا گیاکہ کسی شخص کے گمشدگی کا مقدمہ درج تو نہیں ہوا۔

تاہم پولیس کو کامیابی نہیں ملی۔ لوکل کرائم برانچ کے پولیس انسپکٹر دُوارکاداس چکھلی کر نے اپنے اعلیٰ افسران کی رہنمائی میں کئی ٹیکنکل زاویوں سے تحقیقات کرتے ہوئے ایل سی بی کی ایک ٹیم کو مرزاپور ضلع کاماریڈی (تلنگانہ) سے مہیندر نارائن بوبباسانی (36 سال، ساکن جھینڈا گلی مرزاپور) کو حراست میں لیا۔ ملزم نے تفتیش کے دوران پولیس کو بتایا کہ اس نے گنیش وینکیا چنچو (ساکن نصراللہ باد، ضلع کاماریڈی) کو مہاراشٹر میں لانے کے بعد مارڈالا۔ گنیش چنچو اپنی ٹووہیلر گاڑی نہیں دے رہا تھا، جس کا غصہ اُتارنے کے لیے مہاراشٹر کے حدود میں سگرولی تعلقہ بلولی کے جنگل میں لاکر اُسے شراب پلائی۔

بعد ازاں چنچو کے گلے پر بلیڈ سے حملہ کردیا، نیز ہیلمٹ سے آنکھوں پر وار کرکے اُسے قتل کردیا۔ اور اس کی نعش پر پٹرول ڈال کر جلادیا۔ قاتل و مقتول نامعلوم ہونے کی وجہہ سے اس معاملہ کو سلجھانا پولیس کے لیے ایک چیلنج بنا ہوا تھا۔ تاہم لوکل کرائم برانچ کے پولیس انسپکٹر دُوارکاداس چکھلی کر نے اعلیٰ افسران کی رہنمائی میں اپنے ماتحت عملہ کے ذریعے تلنگانہ ریاست سے ملزم کو گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کی۔ اس کارروائی پر ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل آف پولیس نثار تامبولی، پولیس سپرنٹنڈنٹ شری کرشن کوکاٹے نے دُوارکاداس چکھلی کر، اسسٹنٹ پولیس انسپکٹر پانڈورنگ مانے، پولیس سب انسپکٹر سچن سونونے، گووند راﺅ منڈے، پولیس آفیسر گنڈے راﺅ کرلے، سنجے کیندرے، شنکر مہیسن واڑ، دیوا چوہان، مہیش بڈگو، موتی رام پچار، بجرنگ بوڑکے، روی بابر، راج سیٹکر، دیپک اوڑھنے، اچیت مورے، ہیمنت بچکیوار، دادا رام شری رامے و دیگر کی ستائش کی۔