ناندیڑ سے گرفتار شدہ پی ایف آئی ممبرکے اہل خانہ سے فاروق احمد کی ملاقات

616

ناندیڑ: تحقیقاتی ایجنسی اے ٹی ایس کے ذریعہ ناندیڑ سے گرفتار کئے گئے نوجوان کے اہل خانہ سے آج ونچت بہوجن اگھاڑی کے ریاستی ترجمان فاروق احمد نے ملاقات کی ۔ فاروق احمد اپنی پوری فیملی کے ساتھ مذکورہ نوجوان کے گھر گئے تھے ۔

اس ملاقات کے دوران انہوں نے نوجوان کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد فراہم کرانے کی یقین دہانی کرائی، اور کسی طرح سے خوف زدہ نہ ہوتے ہوئے اپنی معمولات زندگی کو متاثر نہ ہونے دینے کی تلقین کی۔ فاروق احمد نے بتایا کہ ” حکومت کے اشارے پرجان بوجھ کر تحقیقاتی ایجنسیاں جعلی و بوگس معاملات میں نوجوانوں کو پھنسا کر انہیں اور ان کے خاندان کو خوف زدہ کرنے کی کوشش کررہی ہے ،

جس کا مقابلہ پوری ہمت سے کرنے کی ضرورت ہے۔ “ انہوں نے کہاکہ ” انشاء الله قانونی طور پر یہ معاملہ زیادہ دنوں تک چلنے والا نہیں اور بہت جلد یہ بے قصور نوجوان باعزت رہا ہونگے۔ “ فاروق احمد نے مزید کہا کے نفرت کی سیاست کی انتہا پسندی نے ملک کو ایسے دوراہے پر لا کھڑا کیا ہے جہاں پر اس طرح کی کاروائی سے حکومت قوم کے حوصلے پست کرنا چاہتی ہے ایسے وقت میں عام عوام نے بھی مظلومین کے ساتھ بے باکی سے کھڑے رہنا چاہئے. اس موقع پر فاروق احمد کے ساتھ ایڈووکیٹ شیخ بلال ، نوجوان قاید محمد قاسم ، عبدالسمیع ودیگر موجود تھے۔