ناندیڑ: دردناک حادثہ میں تین مسلم تاجروں کی موت : 11 زخمی

3,719

ناندیڑ:21.ستمبر(ورق تازہ نیوز) مدکھیڑ سے قریب ہفت واری بازار کیلئے مال لے کر جارہی آئشر گاڑی حادثہ کا شکار ہوگئی جس میں تین تاجروں کی دردناک موت ہوئی ہے۔ جبکہ کئی زخمی ہوگئے۔ اس خدشہ کابھی اظہار کیا جارہاہے کہ کچھ بیوپاری ٹیمپو کے نیچے دبے ہوں۔

تفصیلات کے مطابق آج بدھ 21ستمبر کو حمایت نگر میں ہفت واری بازار بھرتاہے جس میں ضلع بھر سے بیوپاری اپنامال لے کرجاتے ہیں۔ حسب معمول مدکھیڑ کے چند بیوپاری حمایت نگر بازار جانے کیلئے مدکھیڑ سے ایک آئشر گاڑی (MH04 GF 2705)میں سوار ہوکر نکلے۔

جب یہ گاڑی مدکھیڑ تا بھوکر روڈ پر راجواڑی کے قریب ایک موڑ کے قریب پہنچی تب گاڑی ڈرائیور نے کنٹرول کھودیا جس کے باعث گاڑی اُلٹ گئی۔ اس حادثہ میں تین تاجرین محمد حفیظ محمد حسین، محمد رفیق محمد امین صاحب، محمد چاند محمد میراں صاحب موقع پر ہی جاں بحق ہوگئےجبکہ دیگرکئی لوگ زخمی ہوگئے۔

اس خدشہ کابھی اظہار کیا جارہاہے کہ کچھ بیوپاری ٹیمپو کے نیچے دبے ہوں۔ یہ حادثہ آج صبح نو بجے کے قریب پیش آیا۔ تمام زخمیوں کو ناندیڑ اور مدکھیڑ کے سرکاری اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے۔

سمجھا جاتا ہے کہ اس ٹیمپو میں 20 سے 25 لوگ سفر کر رہے ہیں۔ دریں اثناء مدکھیڑ کے ایم ایل اے اور سابق وزیر اعلیٰ اشوک راؤ چوان نے اس حادثے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ مدکھیڑ-بھوکر روڈ پر راجواڑی ٹانڈہ میں ایک خوفناک حادثے میں تین لوگوں کی موقع پر ہی موت کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے۔ میں ان کے خاندان کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔ اس حادثے میں زخمیوں کی حالت کے بارے میں معلومات لی گئی ہیں اور علاج کے حوالے سے متعلقہ نظام کو ضروری ہدایات دے دی گئی ہیں۔

اس حادثے میں محمد رفیق امین صاب (45 سال)، محمد چاندصاب میراساب (60 سال)، محمد حافظ محمد حسین (55 سال) ہلاک ہوگئے۔ جبکہ زخمیوں میں محمد معراج (18 سال)، محمد لطیف (32 سال)، محمد (32 سال)، محمد عرش (32 سال)، محمد افتخار (26 سال)، محمد منیر عبداللہ (22 سال)، عبداللہ جلیل رحمان (عمر 60 سال)، سید ریاض آصف (عمر 30 سال)، محمد رحمان آصف (عمر 24 سال)، محمد عثمان (عمر 45) شامل ہیں۔

اس بارے میں مزید معلومات یہ ہے کہ مدکھیڑ شہر کے تاجر پیاز اور لہسن بیچنے کے لیے ٹیمپو کے ذریعے مدکھیڈ عمری بھوکر حمایت نگر اردھا پور بارڈ ناندیڑ کے بازار جاتے ہیں۔ آج صبح یہ ٹیمپو بھوکر حمایت نگر کے راستے راجواڑی کے لیے روانہ ہوا جو تاجروں کو لے کر حمایت نگر کے ہفتہ وار بازار جانے کے لیے روانہ ہوا۔

اس حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ناندیڑ کے ڈپٹی میئر عبدالغفار و سابق کارپوریٹر رحیم احمدخان ناندیڑ کے سرکاری دواخانہ پہنچے اور زخمیوں کی تیمارداری کی۔ عبدالغفار نے مسٹراشوک چوہان کو اس حادثہ سے واقف کروایا ۔ اسی طرح انہوں نےڈاکٹروں سے زخمیوں کا بہتر سے بہتر علاج کرنے کی بات بھی کہی۔