ناندیڑ:23مارچ (ورق تازہ نیوز) میونسپل کارپوریشن کی پری پرائمری و سیکنڈری ایجوکیشن، خواتین بہبود کمیٹی کے لیے وزیر رابطہ مسٹر اشوک راﺅ چوہان کی ہدایت پر بحیثیت چیئرپرسن اپرنا نیرلکر جبکہ نائب چیئرپرسن عہدہ کیلئے عائشہ بیگم ( بابو بھائی کھوکے والے) نے چہارشنبہ کی دوپہر بلدیہ سیکریٹری اجیت پال سنگھ سندھو کے معرفت اپنی درخواست داخل کی۔ ان عہدوں کے لیے صرف دو درخواستیں داخل کی گئی ہیں، اس لیے ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کی بہبود خواتین و اطفال کمیٹی کے انتخابات میں کامیاب اُمیدواروں کا صرف رسمی اعلان کرنا باقی رہ گیا ہے۔

ڈویژنل کمشنر کی ہدایت کے مطابق میونسپل کارپوریشن کے پری پرائمری و سیکنڈری ایجوکیشن، بہبود خواتین و اطفال کمیٹی کے چیئرپرسن و ڈپٹیچیئرپرسن عہدہ کے لیے انتخابات کا اعلان کیا گیا ۔ جس کے مطابق 22 مارچ کی صبح گیارہ تا دوپہر تین بجے تک نامزدگی فارم تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر پوجا پاﺅڑے، جیوتی کلیانکر، اپرنا نیرلکر نے درخواست فارم حاصل کیا تھا۔ 23 مارچ کو ہائی کمان کے احکامات کے بعد صبح گیارہ تا دوپہر تین بجے تک نامزدگی فارم قبول کرنے کا وقت مقرر کیا گیا تھا۔

تاہم ڈھائی بجے تک کوئی بھی درخواست داخل نہ ہونے پر کافی گہما گہمی ہوگئی۔ بالآخر اپرنا نیرلکر و عائشہ بیگم کے درخواست فارم بلدیہ سیکریٹری کے پاس داخل کیے گئے۔واضح رہے کہ چیئرپرسن و نائب چیئرپرسن عہدہ کے انتخابات 25مارچ کو خصوصی اجلاس میں صبح گیارہ بجے میونسپل کارپوریشن کے مرکزی انتظامی عمارت کے اجلاس ہال میں منعقد ہوں گے۔ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کی بہبود خواتین و اطفال کمیٹی کے انتخابات میں صرف دو ہی درخواست فارم داخل ہونے کے باعث چیئرپرسن و نائب چیئرپرسن کے نام کا صرف رسمی اعلان باقی رہ گیا ہے۔