ناندیڑ:(راست) مورخہ24 اپریل بروز اتوار کو جماعت اسلامی ہند ناندیڑ کی جانب سے افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں برادران وطن کی بیس مختلف سماجی تنظیموں کے صدور اور سیکریٹرز نے شرکت کی اور ملک میں بڑھتی فرقہ پرستی پر تشویش کا اظہار کیا۔ جماعت اسلامی کے رکن ڈاکٹر برکت اللہ صاحب نے افتتاحی کلمات میں کہا کہ کرونا وائرس کی وجہ پچھلے دو سالوں سے ایسی نشست منعقد نہیں ہوسکی کرونا وائرس نے انسانوں کو انسانوں سے دور کر دیا تھا جس سے ہم سب جوجھ رہے تھے اور ہم سب نے مل کر اسکو بھگانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔ آج ایک اور وائرس جو مذہبی منافرت کا ہے وہ وائرل ہوگیا ہے اب ہم سب کو مل کر اسکا مقابلہ کرنا ہے۔

اس پر تمام ہی سماجی تنظیموں کے ذمہ داران نے اتفاق کرتے ہوئے سب کو مل کر اسکے لئے کام کرنے کی ضرورت محسوس کی۔ جماعت اسلامی ہند ناندیڑ کے امیر جناب ریاض الحسن صاحب نے سبھی کا استقبال کیا اور امن و امان کے قیام اور مل کی ترقی کیلئے سب مل کر کام کرنے کیلئے لائحہ عمل مرتب کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ اسکے بعد کاماجی پوار، نے کہا کہ مذہبی منافرت اور نفرت کہ سیاست کے خلاف ہم سب کو ایک ہوکر کام کرنے کی ضرورت ہے اسی غرض کیلئے عیدالفطر کے فوری بعد ایک بڑا عید ملن پروگرام رکھا جائے گا۔ جس کی مزید منصوبہ بندی کیلئے تمام لوگوں کی ایک اور افطار پارٹی 27اپریل کو مسلمان واڑی میں رکھی جائے گی۔ اس کے علاوہ ناگری کرتی سمیتی کی جانب سے بھی ایک افطار پارٹی کا اعلان کیا گیا جو مورخہ 26 اپریل کو پیپلز کالج کے بوائز ہاسٹل میں منعقد کی جائے گی۔

بعدازاں ڈاکٹر وینکٹیش کابدے سابقہ ممبر آف پارلیمنٹ نے سدبھاونامنچ کی ضرورت اور اہمیت پر روشنی ڈالی ۔تقریب میں مختلف سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے قومی یکجہتی اور بھائی چارہ کو فروغ دینے کے لئے متحدہ کوشش کرنے کا عزم ظاہر کیا۔اس نشست میں مراٹھا سیوا سنگھ کے سابق ذمہ دار جناب گنیش شندے صاحب،فیروز خان غازی،جناب حامد حسین صاحب(مرحومین) کو خراج عقیدت پیش کی گئی۔ پروگرام میں شریک سبھی تنظیموں کا مختصر تعارف پیش کیا گیا اور پھر سب نے مل کر افطار کیا۔ افطار کے بعد نماز مغرب ادا کی گئی جس کا سبھی برادران وطن نے بغور مشاہدہ کیا۔ بعد ازاں طعام کا نظم کیا گیا تھا جس کے بعد سبھی کو مراٹھی لٹریچر اور کھجور کا تحفہ پیش کیا گیا۔ تقریب میں 20 سے زائد مختلف مذاہب سے تعلق رکھنے والی تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی جس میں ناگ راج کامبڑے، کاماجی پوار قومی صدر مراٹھا سیوا سنگھ ، ڈاکٹر وینکٹیش کابدے، ڈاکٹر کوکڑ میڈم، اویناش بھوسیکر، اویناش کدم، ستیش جادھو، ادھو سوریونشی، وغیرہ شامل رہے۔اس طرح کی اطلاع عبدالقدیر سیکریٹری شعبہ ہندوستانی سماج جماعت اسلامی ہند ناندیڑنے دی ہے ۔