ناندیڑ تعلقہ کو قحط زدہ فہرست میں شامل کیا جائے: ڈی پی ساونت
ناندیڑ۔5نومبر(نامہ نگار) : ناندیڑ تعلقہ کی فصلوں کی موجودہ صورت حال کا پنچ نامہ کیا جائے اور ناندیڑ تعلقہ کو قحط زدہ تعلقہ کی فہرست میں شامل کیا جائے اس طرح کا مطالبہ سابق وزیر و ناندیڑ شمال حلقہ کے ایم ایل اے ڈی پی ساونت نے کیا ۔ آج انہوں نے ناندیڑ تعلقہ کے ایک وفد کے ساتھ ضلع کلکٹر سے ملاقات کی اور انہیں میمورنڈم پیش کیا۔ ناندیڑ تعلقہ میں پینے کے پانی کا مسئلہ سنگین بن چکا ہے۔ ناندیڑ تعلقہ کے شمال اسمبلی حلقہ میں اس بار کم بارش ریکارڈ کی گئی۔ خریف کی فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔ ربیع کی فصل کے لئے بوائی بھی کسان نہیں کرپائے۔ ناندیڑ تعلقہ میں بارش کی کمی کے سبب قحط جیسی صورت حال پیدا ہوچکی ہے۔ ناندیڑ کے قحط کی صورتِ حال کا فوری سروے کرکے اُس کی رپورٹ حکومت کے پاس روانہ کرنے اور ناندیڑ تعلقہ کو قحط زدہ فہرست میں شامل کرنے کا مطالبہ ڈی پی ساونت نے کیا۔ اُسی طرح انہوں نے کہا کہ گوداوری ندی سے متصل جن کسانوں نے اجازت حاصل کرکے پانی کے لئے کرشی پمپ لگائے ہوئے ہیں انہیں 15دسمبر سے قبل منقطع نہ کیا جائے۔ اس وفد میں پنچایت سمیتی کے چیئر مین سکھ دیو جادھو‘ ایڈوکیٹ نلیش پاﺅڑے‘ ضلع پریشد ممبر منوہر شندے‘ صاحب راﺅ دھنگے‘ یوتھ کانگریس صدر وٹھل پاﺅڑے‘ دیپک پاٹل‘ عبدالفہیم‘ و دیگر موجود تھے۔