ناندیڑ:20مارچ(ورق تازہ نیوز) قومی شاہراہ نمبر 161 سے ناندیڑ تا مدکھیڑ راستے کے معیاری تعمیر کے مطالبہ کو مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ و ہائی ویزمسٹر نتن گڈکری نے منظور کرتے ہوئے 206.54 کروڑ روپئے فنڈ دینے کا فیصلہ لیا ہے۔ اسی طرح ریاست کے مختلف شہروں میں راستوں کی معیاری تعمیر کے لیے بھی فنڈ منظور کیا ۔

ریاستی وزیر تعمیرات مسٹر اشوک راﺅ چوہان نے ناندیڑ ضلع میں ناندیڑ تا مدکھیڑ راستے کے معیاری تعمیر کے لیے مسلسل نمائندگی کی تھی۔ مرکزی وزیر نتن گڈکری کے ہمراہ ریاستی وزیر اشوک راﺅ چوہان کی ممبئی میں ہوئی میٹنگ کے دوران مذکورہ راستہ کی تعمیر کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ مسٹر اشوک راﺅ چوہان کے اس مطالبہ کو منظور کرتے ہوئے مرکزی وزیر نتن گڈکری نے فنڈ دستیاب کروانے کا فیصلہ لیا۔ دریں اثناءمرکزی وزیر نتن گڈکری نے ریاست میں 2100 کروڑ روپئے سے زائد راستوں کے تعمیری کاموں کو منظوری دی ہے۔ جس میں ناندیڑ، پربھنی، گڈچرولی، بارامتی شاہراہ شامل ہیں۔

ریاست میں قومی شاہراہ 753 سے بھوکردن تا کمبھاری پھاٹہ اور راجور تا جالنہ محکمہ تک 26 کلو میٹر راستے کے دو لین و چار لین میں معیاری تعمیر و بحالی کے لیے 291 کروڑ روپئے فنڈ کو منظوری دی ہے۔ ناندیڑ۔ بھوکر۔ حمایت نگر۔ کنوٹ اور ماہور۔ آرنی ، اس راستے کے دو لین اور چار لین میں (بشمول پیہوڈ شولڈر) معیاری اور ازسرنوتعمیر کے کاموں کے لیے فنڈ منظور کیا ہے۔